پاکستان

بھارت مقبوضہ کشمیر اور ایل او سی پر سفرا، میڈیا کو لے کر جائے، ترجمان پاک فوج کا چیلنج

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے اندر جائے اور پھر دیکھے کہ وہاں لوگوں کے دلوں میں پاکستان کیسے بستا ہے، میجر جنرل آصف غفور

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے بھارت کو چیلنج دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر صرف ایک دن کے لیے سفارتکاروں اور میڈیا نمائندوں کو لے کر جائے اور پھر دیکھے کہ وہاں کے لوگوں کے دلوں میں کیسے پاکستان بستا ہے۔

میجر جنرل آصف غفور نے غیر ملکی سفرا اور میڈیا نمائندوں کو آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے جورا سیکٹر کا دورہ کرانے کے موقع پر بریفنگ بھی دی۔

علاوہ ازیں انہوں نے نجی ٹی وی چینل 'جیو نیوز' سے وابستہ صحافی حامد میر سے گفتگو کی اور کہا کہ بھارتی آرمی چیف نے جو بیان دیا اس کے بعد پاک فوج کے سربراہ نے مجھے کہا کہ انہیں یہ پیشکش کریں کہ اپنے دعووں کو سچ کرنے کے لیے وہ پاکستان سے اپنے من پسند سفارتکار اور میڈیا کو لیں، ہم انہیں جہاں وہ چاہیں گے انہیں لے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: غیر ملکی سفرا، میڈیا نمائندگان کا ایل او سی کا دورہ، ڈی جی آئی ایس پی آر کی بریفنگ

انہوں نے کہا کہ بھارتی سفیر اگر یہاں اپنے سربراہ کے پیچھے کھڑے ہونے کو نہیں آسکے تو ان کی کیا اخلاقی جرات ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کسی بھی سفیر یا میڈیا کو لے کر جائیں۔

ساتھ ہی میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ میرا اور پورے پاکستان کا چیلنج ہے کہ جس طرح سفارت کار اور میڈیا نمائندگان آج آزاد کشمیر میں آئے ہیں، اسی طرح بھارت صرف ایک دن کے لیے ان لوگوں کو مقبوضہ کشمیر یا وہاں ایل او سی کی جانب لے کر جائیں اور پھر دیکھیں کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے دلوں میں پاکستان کیسے بستا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے اندر جائیں اور وہاں سے حقائق سامنے لائیں اور بتائیں کہ 79 دن سے 80 لاکھ لوگ وہاں کس طریقے سے زندگی بسر کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کے دعووں کو بے نقاب کرنے اور زمینی حقائق سے آگاہ کرنے کیلئے غیر ملکی سفرا، میڈیا نمائندوں کو ایل او سی کا دورہ کروایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کے پاس اپنے آرمی چیف کے دعوے کو سچ کہنے کا جواز نہیں، آئی ایس پی آر

اس دورے کے لیے پاکستان میں موجود بھارتی سفیر کو بھی مدعو کیا گیا تھا لیکن بھارت کی جانب سے کوئی بھی نمائندہ شریک نہیں ہوا۔

ایل او سی کے جورا سیکٹر کا دورہ کرنے والے غیر ملکی سفرا کو بھارت کی جانب سے شہری آبادی پر استعمال کیے گئے آرٹلری ہتھیار اور اس سے پہنچنے والے نقصان کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

یہی نہیں بلکہ ان سفرا و نمائندگان نے آزاد کشمیر میں لوگوں سے ملاقاتیں بھی کی تھیں اور دکانوں اور گھروں کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیا تھا۔

بھارت کے تجارتی بائیکاٹ کے باوجود ملائیشین وزیراعظم کشمیر کے بیان پر قائم

غیر ملکی سفرا، میڈیا نمائندگان کا ایل او سی کا دورہ، ڈی جی آئی ایس پی آر کی بریفنگ

’خوابوں میں جب پاکستان گئی رے‘ پر نیلم منیر کی پرفارمنس کے چرچے