’بے وفائی‘ کرنے پر تھائی لینڈ کے بادشاہ نے خاتون محافظ سے شاہی عہدہ واپس لے لیا
بادشاہ نے اپنی قریبی خوبرو خاتون محافظ کو 2 ماہ قبل ہی روایات توڑتے ہوئے اعلیٰ شاہی رتبہ دیا تھا۔
سیاحت کے لیے دنیا بھر میں معروف متعدد جزائر کے حامل ملک تھائی لینڈ کے 67 سالہ بادشاہ نے اپنی خوبرو خاتون محافظ ملازمہ کو 2 ماہ قبل دیا گیا اعلیٰ شاہی عہدہ واپس لے لیا۔
بادشاہ ماہا وجیرالونگ کورن نے اپنی باڈی گارڈ رہنے والی 34 سالہ سنینات ونگوجری پکدے کو رواں برس اگست میں اعلیٰ شاہی عہدے سے نوازا تھا۔
بادشاہ نے اپنی قریبی اور قابل بھروسہ محافظ رہنے والی خاتون کو ’رائل نوبیل کنسورٹ‘ کا ولی عہد جیسا عہدہ دیا تھا۔
اگرچہ بادشاہ نے اپنی خاتون ملازمہ سنینات ونگوجری پکدے کو اگست سے پہلے یہ عہدہ دیا تھا، تاہم اس کا اعلان اگست میں کیا گیا تھا۔
شاہی محل کی جانب سے اعلان کے ساتھ سنینات ونگوجری پکدے کی سوانح عمری اور بادشاہ کے ساتھ گزارے گئے وقت کی نایاب تصاویر بھی جاری کی گئی تھیں۔