سجل اور احد پر ’ملازمت کی جگہ پر ہراسانی‘ کی تشہیر کا الزام
نامور پاکستانی اداکار سجل علی اور احد رضا میر نے رواں سال کے آغاز میں منگنی کرلی تھی جس کے بعد سے مداح ان دونوں کو اسکرین پر دوبارہ ایک ساتھ دیکھنے کے خواہشمند تھے۔
ان دونوں نے یقین کا سفر اور آنگن جیسے ڈراموں میں کام کیا اور اب ان کا ایک اور ڈراما ’یہ دل میرا‘ جلد سامنے آرہا ہے۔
حال ہی میں اس ڈرامے کا پہلا ٹیزر سوشل میڈیا پر ریلیز ہوا، جس کے کچھ دیر بعد ہی ایک اور ٹیزر سامنے آیا، مداحوں کو جہاں اس ڈرامے کے ٹیزرز بےحد پسند آئے وہیں اب ایک ٹیزر کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
جاری کیے گئے ایک ٹیزر میں دونوں کو انتہائی رومانوی انداز میں شمالی علاقہ جات میں دکھایا گیا جب کہ دوسرے ٹیزر میں دونوں کو پہلی بار ایک دوسرے سے نوکری کے لیے انٹرویو کے دوران ملتے دکھایا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: سجل علی اور احد رضا میر کی رومانوی کہانی ’یہ دل میرا‘
یہ دل میرا کے دوسرے ٹیزر میں سجل علی ایک انٹرویو دینے دفتر پہنچتی ہیں جہاں احد رضا میر ان کا انٹرویو لیتے ہیں تاہم وہ نوکری کے حوالے سے سوالات کرنے کے بجائے ان سے ’کھانے میں کیا پسند ہے‘ جیسے سوالات پوچھتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ان دونوں اداکاروں پر الزام لگایا گیا کہ یہ اپنے ڈرامے کے ذریعے ورک پلیس ہراسمنٹ (ملازمت کی جگہ پر ہراسانی) کی تشہیر کررہے ہیں۔
ٹوئٹر پر ایسی ٹوئٹس سامنے آئیں جس میں اس ڈرامے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا.
ایک صارف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میرا خیال ہے انہوں نے ڈرامے میں پاکستان کی ثقافت کو بخوبی پیش کیا، یہاں بریانی ہے، یہاں کام کی جگہ پر ہراساں کیا جانا ہے اور کیا چاہیے؟‘
کسی نے اس ڈرامے کو ہولی وڈ کی متنازع فلم ففٹی شیڈز آف گرے کا شریف ورژن قرار دیا۔
ان کے مطابق دفاتر میں موجود کام کرنے والے اس ہی طرح خواتین کو ہراساں کرتے ہیں اور پھر ہم اس ٹیزر کی طرح اسے نارمل سمجھتے ہیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ ’کیا صرف میں ہی ہوں جسے یہ ہراسمنٹ لگ رہی ہے؟‘
اس ڈرامے کی کہانی فرحت اشتیاق نے تحریر کی جو اس سے قبل ’ہمسفر‘ اور ’دیار دل‘ جیسے کامیاب ڈراموں کی کہانی تحریر کرچکی ہیں۔
متعدد صارفین نے انہیں بھی کام کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کرنے کو رومانوی انداز میں دکھانے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے لکھا کہ کیا پاکستانی لکھاریوں کو اس بات کا اندازہ ہے کہ ایسی کہانیاں ان لوگوں کی اصل زندگی پر کیا اثر چھوڑتی ہیں جو ایک محفوظ ماحول میں کام کرنے کے خواہش مند ہیں؟
البتہ اس دوران بہت سے مداح اداکاروں اور لکھاری کے سپورٹ میں بھی سامنے آئے۔
انہوں نے لکھا کہ 'مجھے امید ہے کہ ڈرامے کی کہانی ٹیزرز سے مختلف ہوگی، احد اور سجل مایوس نہیں کریں گے'۔
جبکہ فرحت اشتیاق نے خود بھی ایک مداح کے سپورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ریپ اور ورک پلیس ہراسمنٹ کو کبھی رومانوی بنا کر پیش نہیں کریں گی۔
’یہ دل میرا‘ کو ہم ٹی وی پر جلد نشر کردیا جائے گا۔