شہزادہ ہیری کا بڑے بھائی شہزادہ ولیم سے اختلافات کا اعتراف
برطانوی شاہی خاندان کے افراد کے درمیان اختلافات کی کہانی کوئی نئی نہیں، دنیا کے اس طاقتور ترین شاہی خاندان کے افراد میں اختلافات کی تاریخ اتنی ہی پرانی ہے جتنا پرانا یہ خاندان ہے۔
برطانوی شہزادہ و شہزادیوں سمیت ملکاؤں اور بادشاہوں کے درمیان اختلافات پر متعدد کتابیں بھی لکھی گئی ہیں اور اس خاندان کے اختلافات کا ذکر کچھ فلموں و ڈراموں میں بھی کیا جا چکا ہے۔
شاہی خاندان کے ماضی کے شہزادوں اور شہزادیوں کے اختلافات کی تاریخ اپنی جگہ لیکن حالیہ شہزادہ ولیم اور ان کے چھوٹے بھائی شہزادہ ہیری کے درمیان بھی اختلافات کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں۔
یہی نہیں بلکہ ان کی والدہ شہزادی ڈیانا اور ان کے والد شہزادہ چارلس کے درمیان بھی اختلافات کی خبریں آتی رہتی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: حمل سے متعلق میڈیا کوریج پر پریشانی ہوئی، میگھن مارکل
شہزادہ ولیم اور ان کے چھوٹے بھائی شہزادہ ہیری کے درمیان اختلافات کی خبریں گزشتہ کچھ عرصے سے برطانوی میڈیا کی زینت بنتی رہیں، تاہم اس پر دونوں بھائیوں نے کوئی جواب نہیں دیا تھا اور نہ ہی شاہی محل کی جانب سے اس پر کوئی بات کی گئی تھی۔
لیکن اب پہلی بار شہزادہ ہیری نے اپنے بڑے بھائی شہزادہ ولیم سے اختلافات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان دنوں ایک دوسرے سے بہت دور اور الگ راستے پر کام کر رہے ہیں۔