پاکستان

راولپنڈی: ’قتل‘ کے ملزم کا پولی گرافگ، ڈی این اے ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ

9 سالہ نوید خان 10 اکتوبر کو لاپتہ ہوا تھا، 7 روز بعد شاہد خالد کالونی کے کھیتوں سے اس کی لاش برآمد کی گئی تھی۔

راولپنڈی پولیس نے 9 سالہ لڑکے کی پر اسرار موت سے متعلق درج مقدمے میں گرفتار ملزم کا پولی گرافک اور ڈی این اے ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کرلیا۔

یاد رہے کہ دوسری جماعت کا طالب علم نوید خان 10 اکتوبر کو لاپتہ ہوا تھا اور گمشدگی کے 7 روز بعد شاہد خالد کالونی کے کھیتوں سے اس کی لاش برآمد ہوئی تھی۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ ماضی میں بچوں کے استحصال میں ملوث ایک ملزم طویل عرصے سے مفرور ہے، انہوں نے بتایا تھا کہ پولیس کی جانب سے تلاش شروع کیے جانے کے بعد سے ملزم اپنے گھر سے غائب تھا جسے بالآخر گوجر خان سے گرفتار کرلیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: قصور: 3 بچوں کے 'ریپ اور قتل' کے خلاف علاقہ مکینوں کا پرتشدد مظاہرہ

اس سلسلے میں سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) پوٹوھار سید علی نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ پولیس کو ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہوگئی ہے جس میں موت کی وجہ کا ذکر موجود نہیں تاہم فرانزیک رپورٹ موصول ہونے کے بعد حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ مکمل کرلی جائے گی۔

ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اس بات کی بھی تصدیق نہیں ہوسکی کہ آیا متوفی کو جنسی استحصال کا نشانہ بنایا گیا کہ نہیں۔

دوسری جانب لڑکے کے والد اجمیر خان نے ڈان کو بتایا کہ پولیس تمام تر کوششیں کررہی ہے اور ان کے بیٹے کے قاتل جلد پکڑے جائیں گے۔

علاوہ ازیں پولیس نے نوجوان اہلکاروں کو بھیس بدل کر مختلف علاقوں میں تعینات کر کے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیوں کا فیصلہ بھی کرلیا۔

مزید پڑھیں: کراچی: کورنگی میں کم سن بچی اور بچے کا مبینہ ریپ

پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی شواہد کی بنیاد پر اسی طرح کے جرائم میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پولیس شواہد کی بنیاد پر ملزم سے تفتیش کررہی ہے جو ماضی میں اس طرح کے جرائم پر متعدد جرگوں اور پنچایتوں میں معافی مانگ چکا ہے اور لڑکے کی لاش برآمد ہونے کے بعد سے مفرور تھا۔

علاوہ ازیں پولیس نے ایک مقامی کباڑیے سمیت 4 افراد کو گرفتار کیا ہے جن کا مشتبہ ریکارڈ موجود ہے۔


یہ خبر 21 اکتوبر 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔