پاکستان

کراچی کے مسائل کا حل سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے، عمران خان

وزیراعظم نےکراچی کا دورہ کیا اور گورنر سندھ،ایم کیو ایم پاکستان اور سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے اراکین سے ملاقاتیں کیں۔
|

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل کا حل سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن وفاقی حکومت عوامی فلاح کو مدنظر رکھتے ہوئے ان مسائل کو اپنے وسائل سے حل کرنے کے لیے تعاون کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان مختصر دورے پر کراچی پہنچے تھے، جہاں ان کے ہمراہ وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم خان سواتی، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیر آبی وسائل فیصل واڈا، معاون خصوصی ندیم بابر اور ممبر قومی اسمبلی اسد عمر موجود تھے۔

اپنے دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے اراکین اور پی ٹی آئی کے سندھ کے اراکین اسمبلی سے ملاقاتیں کیں۔

ریڈیو پاکستان نے رپورٹ کیا کہ عمران خان نے سندھ اسمبلی کے پی ٹی آئی اراکین سے گفتگو کی اور کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کے شہریوں کو درپیش پانی، ٹرانسپورٹ، کچرے کے انتظام اور دیگر مسائل سے باخبر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے لیکن بدقسمتی سے اس شہر کے لوگوں اور مسائل کو ماضی میں نظرانداز کیا گیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے بلدیاتی نظام کارآمد ثابت ہوگا، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت تاریخی کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ وراثت میں ملا لیکن اب ملک کی معاشی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے۔

صوبے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرپشن کا نتیجہ سندھ کی خراب معاشی صورتحال ہے۔

اس موقع پر عمران خان نے تمام وفاقی وزرا کو ہدایت کی کہ وہ کراچی کے اراکین اسمبلی کے ساتھ رابطوں میں رہیں۔

قبل ازیں ایک روزہ سرکاری دورے پر صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی پہنچنے پر سب سے پہلے وزیراعظم نے گورنر سندھ عمران اسمٰعیل سے ملاقات کی تھی۔

کراچی کا دورہ کرنے کے بعد وزیراعظم عمران خان حب پہنچے جہاں انہوں نے 1320 میگاواٹ کے چائنا حب پاور جنریشن پلانٹ کا افتتاح کیا۔

اس سے قبل جب وزیراعظم عمران خان کراچی ایئرپورٹ پہنچے تو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ان کا استقبال نہیں کیا۔

اس حوالے سے مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ہر رہنما اور ہر کارکن قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہے، وزیراعلیٰ سندھ ریاست کا حصہ ہیں اگر وزیراعظم انہیں بلائیں گے تو میں یقین دہانی کرواتا ہوں کہ وزیراعلیٰ سندھ پیش ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب ماضی میں وزیراعظم عمران خان کراچی آئے تھے تو وزیراعلیٰ سندھ نے ان کا استقبال کیا تھا کیونکہ مراد علی شاہ کو مدعو کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کراچی پہنچ گئے

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہمیں ایسا لگتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملنا نہیں چاہتے اور جب وزیراعلیٰ ملاقات کریں گے تو سندھ کا مقدمہ پیش کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس ہونے والے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے کراچی میں 14 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی اور وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ وزیراعظم کا کراچی کا چوتھا دورہ ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے رواں برس جولائی میں کراچی کا دورہ کیا تھا اور تاجر برادری سے ملاقات میں انہیں حکومت کے ساتھ لے کر چلنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔