حیرت انگیز

مصر میں 100 برس بعد مزید 30 تابوت دریافت

مصر میں آخری بار 19 صدی میں تابوت دریافت ہوئے تھے، بیسویں صدی میں کوئی تابوت دریافت نہیں ہوا تھا۔

دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں شمار کی جانے والی مصری تہذیب سے ماہرین نے کم سے کم 100 سال بعد بہت بڑی تعداد میں انتہائی اچھی حالت میں 3 ہزار سال پرانے تابوت دریافت کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

مصری ماہرین آثار قدیمہ کے مطابق دریائے نیل کے کنارے واقع شہر اقصر کے قریب الاساسیف نامی علاقے سے 3 ہزار سال پرانے مرد، خواتین و بچوں کے تابوت اصل حالت میں دریافت کیے گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق مصری آثار قدیمہ نے چند دن قبل 30 تابوتوں کو دریافت کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جن سے متعلق حکام نے 20 اکتوبر کو تفصیلات جاری کیں۔

مصری وزارت آثار قدیمہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق دریافت کیے گئے 30 تابوت قدیم مصری تہذیب کے مذہبی شخصیات کے خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد کے ہیں۔

دریافت کیے گئے تابوت اصل حالت میں موجود ہیں—فوٹو: محکمہ آثار قدیمہ مصر ٹوئٹر

آثار قدیمہ کے وزیر خالد العنانی کے مطابق دریافت کیے گئے تابوتوں کو دریائے نیل کے کنارے واقع شہر کے اس علاقے سے دریافت کیا گیا جہاں سے ماضی میں بھی قدیم تہذیب کے تابوت اور دیگر چیزیں دریافت ہوتی رہی ہیں۔

دریافت کیے گئے تابوت مٹی میں دفن تھے اور ماہرین نے محض 3 سے 4 فٹ کی کھدائی کے بعد انہیں دریافت کیا۔

یہ بھی پڑھیں: 3 ہزار سال قدیم خاتون کی حنوط شدہ لاش دریافت

وزارت آثار قدیمہ کی جانب سے دریافت کیے گئے تابوتوں کی ٹوئٹر پر جاری کی گئی تصاویر دیکھ کر اندازا ہوتا ہے کہ تابوت انتہائی اچھی حالت میں ہیں۔

مصری حکام کے مطابق دریافت کیے جانے والے تابوتوں میں مرد و خواتین سمیت بچوں کے تابوت بھی شامل ہیں اور ان تابوتوں پر قدیم مصری تہذیب کی نقش نگاری کو دیکھا جا سکتا ہے۔

تابوت لکڑی کے کفن میں موجود تھے—فوٹو: محکمہ آثار قدیمہ مصر ٹوئٹر

مصر میں گزشتہ 100 سال میں یہ پہلا موقع ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں تابوت دریافت ہوئے ہیں، اس سے قبل 19 ویں صدی میں مصر سے تابوت دریافت ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: مصر میں 7 ہزار سال قدیم شہر دریافت

بیسویں صدی میں مصر میں اتنی بڑی تعداد میں تابوت دریافت نہیں ہوئے، تاہم گزشتہ صدی میں تاریخی مقبرے، مجسمے، شہر اور کھنڈرات دریافت کیے گئے۔

مصری حکام کے مطابق دریافت کیے گئے 30 تابوتوں کو آئندہ سال کے آغاز تک قدیم مصری تہذیب کے بنائے گئے عجائب گھر منتقل کیا جائے گا۔

دریافت ہونے والے تابوت 3 ہزار سال پرانے ہیں—فوٹو: اے ایف پی

فرعون کے 18 ویں خاندان کے بادشاہ کا نصف مجسمہ 95 کروڑ میں فروخت

مصر کی فرعون بادشاہ کا مجسمہ واپس لانے کے لیے انٹرپول سے درخواست

مصری فرعون طوطن خامن کے سونے کے تابوت کی مرمت