وقار یونس نے اپنی ٹوئٹ سے سرفراز کو کیا پیغام دینے کی کوشش کی؟
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گزشتہ روز قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی20 کی قیادت سے برطرف کردیا تھا جس پر مختلف ماہرین کرکٹ نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
سرفراز احمد کو اپنی ناقص فارم کے سبب ایک عرصے سے تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا اور عالمی نمبر ایک ٹی20 ٹیم کی ناتجربہ کار سری لنکن ٹیم کے ہاتھوں 0-3 کی کلین سوئپ شکست کے بعد پی سی بی کے بھی صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا اور بورڈ نے سرفراز کو ٹیسٹ اور ٹی 20 کی قیادت سے برطرف کردیا۔
مزید پڑھیں: سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی20 کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جہاں ایک طرف چند حلقے سرفراز کو قیادت سے ہٹانے کے فیصلے کو درست قرار دے رہے ہیں تو کچھ لوگ خصوصاً ٹی20 کے کپتان کے عہدے سے سرفراز کو ہٹانے پر اپنے تحفظات ظاہر کرتے ہوئے اسے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح اور باؤلنگ کوچ وقار یونس کے گٹھ جوڑ کا شاخسانہ قرار دے رہے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ ان دونوں بڑوں نے لابنگ کر کے سرفراز کو گھر واپسی کا راستہ دکھایا۔
سرفراز کو ابھی تک ون ڈے ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کا اعلان نہیں کیا گیا لیکن لگتا یہی ہے کہ بورڈ نے قومی ٹیم کی مستقبل قریب میں کوئی بھی ون ڈے سیریز نہ ہونے کے سبب یہ اعلان نہیں کیا اور سیریز قریب آتے ہی یہ اعلان بھی کردیا جائے گا۔
گو کہ سرفراز احمد ابھی صرف 32 سال کے ہیں اور ابھی تک انہیں ٹیم سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا لیکن حالیہ اقدامات سے ایسا لگتا ہے کہ شاید ان کا کیریئر بھی داؤ پر لگ گیا ہے اور کیا پتہ وہ دوبارہ کبھی قومی ٹیم کی نمائندگی کر سکیں یا نہیں؟
دوسروں کا تو پتہ نہیں البتہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ باؤلنگ کوچ وقار یونس کو اب سرفراز کا کیریئر ختم نظر آتا ہے اور وہ اپنی ٹوئٹ میں کافی حد تک اس بات کا عندیہ بھی دے گئے۔
وقار یونس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پیارے سرفراز، آپ نے بحیثیت کپتان پاکستان ٹیم کے لیے جو کچھ بھی کیا اس کے لیے آپ کا شکریہ، آپ کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
وقاریونس نے ہیش ٹیگ میں تھینک یو ٹائیگر کا لفظ بھی استعمال کیا۔