لائف اسٹائل

برطانوی شہزادی کا کون سا انداز سب سے زیادہ متاثر کن رہا؟

شہزادی کیٹ مڈلٹن دورہ پاکستان کے دوران روایتی ملبوسات میں نظر آئیں اور ان کے اس انداز نے سب کا دل جیت لیا۔

برطانوی شاہی جوڑے کا 5 روزہ دورہ پاکستان میڈیا کی خبروں میں رہا، پاکستان میں اپنے قیام کے دوران جوڑے نے اسلام آباد کے علاوہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور اور گلگت بلتستان کا دورہ بھی کیا۔

اس موقع پر شہزادی کیٹ مڈلٹن پاکستان کے روایتی ملبوسات میں نظر آئیں اور ان کے اس انداز نے سب کا دل جیت لیا۔

واضح رہے کہ سوزن کیلی کا کیٹ کے اسٹائل کے حوالے سے کہنا تھا کہ اس دورے کے دوران ڈچز آف کیمبرج پاکستانی ثقافت سے متاثر ملبوسات کو آزما کر دیکھیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دورے کے لیے کیٹ مڈلٹن شہزادی ڈیانا سے متاثر ہوں گی مگر یہ احتیاط بھی کریں گی کہ مکمل نقل نہ کریں۔

وہ کیٹ مڈلٹن کے فیشن پر کام کرنے والی ویب سائٹ WhatKateWore.com کی ایڈیٹر اور بانی ہیں۔

یہاں کیٹ کے دورہ پاکستان کے دوران اپنائے گئے انداز کی تصاویر مندرجہ ذیل ہیں:

رواں ماہ 14 اکتوبر کو جب کیٹ پاکستان پہنچیں تو انہوں نے نیلے رنگ کا خوبصورت لباس زیب تن کیا ہوا تھا، ان کا یہ لباس شہزادی ڈیانا کے دورہ پاکستان کے موقع پر پہنے گئے لباس سے بہت زیادہ ملتا جلتا تھا، ان کا یہ لباس برطانوی ڈیزائنر کیتھرین واکرنے تیار کیا تھا۔

دورے کے دوسرے روز شہزادی کیٹ نے صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، اس موقع پر وہ پاکستانی پرچم کے رنگوں سے متاثر لباس میں نظر آئیں۔

اسی روز کیٹ مڈلٹن نے اسلام آباد کے یادگار پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کے عشائیے میں بھی شرکت کی تھی جس دوران وہ سرخ لباس میں نہایت خوبصورت نظر آئیں۔

کیٹ مڈلٹن کے دوسرے روز کے نیلے رنگ کے لباس کا ڈیزائن صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے تعلق رکھنے والی ڈیزائنر ماہین خان نے تیار کیا، جن کے تیار کردہ مشرقی لباس برطانیہ بھر میں مشہور ہیں۔

دورے کے تیسرے روز شہزادی صوبہ خیبرپختونخوا و شمالی علاقہ جات گئیں، اس دوران انہیں روایتی ٹوپی پہنائی گئی، ساتھ ہی شال کا تحفہ بھی دیا گیا۔

دورے کے چوتھے روز کیٹ لاہور پہنچی جہاں انہوں نے گل آحمد آئیڈیاز کے کڑھائی والے لباس کا انتخاب کیا جو سادہ ہونے کے باوجود پروقار تھا۔

اسی روز کیٹ نے شاہی مسجد کا دورہ بھی کیا، جب وہ پاکستانی ڈیزائنر ماہین خان کی جانب سے ڈیزائن کردہ لباس میں نظر آئیں۔

دورے کے آخری دن کیٹ مڈلٹن نے برانڈ اعلان کے سفید شلوار قمیض کا انتخاب کیا جس پر سیاہ دھاگے سے کڑھائی کی گئی تھی۔

دورے کے آخری روز واپس برطانیہ روانگی کے وقت کیٹ سفید اور سیاہ لباس میں نہایت خوبصورت نظر آئیں۔

آپ کو کون سا انداز سب سے زیادہ پسند آیا کمنٹ میں ضرور بتائیں۔ (فوٹو بشکریہ/ ٹوئٹر)