برطانوی شاہی جوڑے کا 5 روزہ دورہ پاکستان مکمل، وطن واپس روانہ
پاکستان کے دورے پر آئے برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن اپنا 5 روزہ تاریخی دورہ مکمل کرنے کے بعد آج (جمعہ) وطن واپس روانہ ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق شاہی جوڑے کو نور خان ایئر بیس پر برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو اور دیگر حکام نے الودع کہا۔
اس سے قبل برطانوی شاہی جوڑے کو اسلام آباد ایئر پورٹ لے کر آنے والے طیارے نے باحفاظت نور خان ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی تھی جبکہ دو گھنٹے قبل بھی طیارے نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر لینڈنگ کی کوشش کی تھی لیکن خراب موسم کے باعث اس کا رخ دوربارہ لاہور ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ اپنے دورے کے چوتھے دن برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے رات لاہور کے ہوٹل میں گزاری تھی۔
مزید پڑھیں: لاہور: برطانوی شاہی جوڑے کا بادشاہی مسجد، نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ
واضح رہے کہ پاکستانیوں میں مقبول شہزادی ڈیانا کے بیٹے اور بہو 5 روزہ دورے پر 14 اکتوبر کی رات ساڑھے 9 بجے اسلام آباد پہنچے تھے، ان کا یہ دورہ 14 اکتوبر سے 18 اکتوبر تک تھا۔
برطانوی شاہی جوڑے کا خصوصی طیارہ نورخان ایئربیس پہنچا تھا، جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، برطانوی ہائی کمشنر تھومس ڈریو اور دیگر حکام نے ان کا ریڈ کارپیٹ استقبال کیا تھا جبکہ بچوں نے شاہی مہمانوں کو گلدستے پیش کیے تھے۔
دورے کے دوسرے دن کا آغاز برطانوی شہزادے اور ان کی اہلیہ نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول یونیورسٹی کالونی اسلام آباد کا دورہ کر کے کیا تھا اور ’ٹیچ فار پاکستان‘ مہم کے اثرات کا جائزہ لیا تھا۔
بعد ازاں انہوں نے ایوانِ صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی جس میں شاہی جوڑے کے ہمراہ برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو اور دیگر سفارتی عہدیدار بھی شریک ہوئے تھے۔