پاکستان

مالی سال کے پہلے 3 ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں 137 فیصد اضافہ

3 ماہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 88 کروڑ 66 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ سال 37 کروڑ 41 لاکھ ڈالر تھا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 20-2019 کے پہلے 3 ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں 137 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

جولائی سے ستمبر 2019 تک کل غیر ملکی سرمایہ کاری 88 کروڑ 66 لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ سال ان ہی ماہ کے دوران 37 کروڑ 41 لاکھ ڈالر تھی جو 51 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

مزید پڑھیں: غیر ملکی سرمایہ کاری میں 22 فیصد تک کمی

ماہانہ بنیادوں پر دیکھا جائے تو رواں سال ستمبر میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 392 فیصد اضافہ ہوا جو گزشتہ سال 12 کروڑ 64 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 62 کروڑ 26 لاکھ ڈالر رہی۔

ستمبر 2019 میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 38 کروڑ 53 لاکھ ڈالر رہی جبکہ گزشتہ سال اس ہی مہینے میں 18 کروڑ 21 لاکھ ڈالر تھی جو 20 کروڑ 32 لاکھ ڈالر کا اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

تاہم جولائی تا ستمبر 2019 میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 54 کروڑ 21 لاکھ ڈالر رہی جبکہ گزشتہ سال اس ہی عرصے میں 55 کروڑ 94 لاکھ ڈالر تھی جو 3 فیصد، ایک کروڑ 73 لاکھ ڈالر کی کمی ظاہر کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 2 ماہ میں 58 فیصد تک کمی

ماہانہ بنیادوں پر کل غیر ملکی سرمایہ کاری ستمبر 2019 کے دوران 62 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہی جو ستمبر 2018 میں 12 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تھی۔

رواں مالی سال کے پہلے 3 ماہ کے دوران غیر ملکی نجی سرمایہ کاری میں 51 فیصد اجافہ ہوا جو 56 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہی جبکہ گزشتہ سال ان ہی ماہ کے دوران 34 کروڑ 40 لاکھ تھی۔