پاکستان

لاہور: برطانوی شاہی جوڑے کا بادشاہی مسجد، نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ

گورنرپنجاب چوہدری سرور،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نےشہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کالاہور ایئرپورٹ آمدپراستقبال کیا۔

پاکستان کے دورے پر موجود برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور پہنچ گئے جہاں شاہی جوڑے نے بادشاہی مسجد اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا۔

برطانوی شاہی جوڑے کا خصوصی طیارہ لاہور ایئرپورٹ پہنچا جہاں گورنر پنجاب چوہدری سرور اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے برطانوی جوڑے کا استقبال کیا، اس موقع پر بچوں نے شاہی مہمانوں کو گلدستے پیش کیے۔

بعد ازاں شاہی جوڑا نیشنل کرکٹ اکیڈمی پہنچا جہاں انہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اور موجودہ کھلاڑیوں اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔

اس موقع پر شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے بیٹنگ بھی کی۔

شاہی جوڑے نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی وزیٹر بک میں اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق بعد ازاں برطانوی شاہی جوڑے نے بادشاہی مسجد کا دورہ بھی کیا، اس موقع پر بادشاہی مسجد کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن لاہور میں ایک روزہ قیام کے دوران شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اینڈ ریسریچ سینٹر کا دورہ بھی کریں گے۔

برطانوی جوڑے کی لاہور آمد ہمارے لیے باعث اعزاز ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

برطانوی شاہی جوڑے کی لاہور آمد پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کی لاہور آمد پر دل کی گہرائیوں سے انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی شاہی جوڑے کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنائے گا۔

حکومتی حکام کی جانب سے برطانوی جوڑے کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

برطانوی جوڑے کا ایس او ایس چلڈرن ویج کا دورہ

علاوہ ازیں برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے ایس او ایس چلڈرن ویج کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اسٹوری ٹیلنگ سیشن میں حصہ لیا اور بچوں سمیت اسٹاف سے بات چیت کی۔

اس موقع پر شہزادی کیٹ مڈلٹن نے اپنے دورے سے متعلق باتیں کیں اور بچوں کی سالگرہ کا کیک کاٹا، ساتھ ہی انہوں نے اردو میں بچوں کے لیے ’سالگرہ مبارک‘ کہہ کر اظہار تشکر کیا.

واضح رہے کہ پاکستانیوں میں مقبول شہزادی ڈیانا کے بیٹے اور بہو 5 روزہ دورے پر 14 اکتوبر کی رات ساڑھے 9 بجے اسلام آباد پہنچے تھے، ان کا یہ دورہ 14 اکتوبر سے 18 اکتوبر تک جاری رہے گا۔

برطانوی شاہی جوڑے کا خصوصی طیارہ نورخان ایئربیس پہنچا تھا، جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، برطانوی ہائی کمشنر تھومس ڈریو اور دیگر حکام نے ان کا ریڈ کارپیٹ استقبال کیا تھا جبکہ بچوں نے شاہی مہمانوں کو گلدستے پیش کیے تھے۔

دورے کے دوسرے دن کا آغاز برطانوی شہزادے اور ان کی اہلیہ نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول یونیورسٹی کالونی اسلام آباد کا دورہ کر کے کیا تھا اور ’ٹیچ فار پاکستان‘ مہم کے اثرات کا جائزہ لیا تھا۔

بعد ازاں انہوں نے ایوانِ صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی جس میں شاہی جوڑے کے ہمراہ برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو اور دیگر سفارتی عہدیدار بھی شریک ہوئے تھے۔

جس کے بعد جوڑا وزیراعظم ہاؤس پہنچا تھا جہاں وزیراعظم عمران خان نے خود ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا، وزیراعظم ہاؤس آمد کے موقع پر انہوں نے وزیراعظم کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں بھی شرکت کی تھی۔

بعدازاں اسلام آباد میں یادگار پاکستان میں تقریب میں برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن روایتی مشرقی لباس زیب تن کیے ٹرک آرٹ سے سجے رکشے میں سوار ہو کر پہنچے تھے۔

گزشتہ روز برطانوی شہزادے ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن نے پاکستان کے دورے کے تیسرے دن کے آغاز پر صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر چترال کا دورہ کیا تھا۔

چترال کے دورے کے موقع پر شاہی جوڑے کو روایتی ٹوپی پہنائی گئی، ساتھ ہی شہزادے ولیم کو روایتی چغہ اور شہزادی کیٹ کو شال کا تحفہ بھی دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ یہ شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا تاہم شاہی خاندان کے دیگر افراد ماضی میں اسلام آباد کا دورہ کرچکے ہیں۔

شہزادہ ولیم کی والدہ پرنسز آف ویلز شہزادی ڈیانا نے بھی ماضی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

علاوہ ازیں برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوئم نے 1961 اور 1997 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، ان کے علاوہ پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس اور ڈچز آف کارن وال 2006 میں پاکستان آئے تھے۔

مزیدپڑھیں: شاہی جوڑے کا دورہ پاکستان: کیٹ مڈلٹن کا لباس کس سے متاثر تھا؟

ملکہ برطانیہ نے 1961 میں کراچی کے ایوان صدرِ میں تقریب میں شرکت کی تھی جب کہ 1997 میں انہوں نے راولپنڈی کا دورہ بھی کیا تھا اور انہوں نے پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم سے بھی ملاقات کی تھی۔

برطانیہ کے شاہی محل کے مطابق شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کا پاکستانی دورہ ایک ہزار کلو میٹر پر مشتمل ہے اور اس دورے کے دوران جوڑا پاکستان کے مختلف علاقوں میں ثقافتی و فلاحی پروگرامز میں شرکت کررہا ہے۔