بھارتی دارالحکومت میں متعدد اقدامات کے باوجود فضا کا معیار ابتر
بھارتی دارالحکومت میں فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے متعدد نئے اقدامات کیے جانے کے باوجود فضا کا معیار ابتر ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے پی' کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے سینٹرل پولیوشن کنٹرول بورڈ کے فضا کے معیار کے انڈیکس برائے نئی دہلی میں بھارتی دارالحکومت 299 نمبر پر رہا جو تجویز کردہ سطح سے 6 گنا نیچے ہے۔
انڈیا گیٹ کے باہر آئس کریم فروش اندرجیت گپتا کا کہنا تھا کہ 'عوام ٹھیک طرح سے سانس بھی نہیں لے پارہی ہیں'۔
مزید پڑھیں: فضائی آلودگی صحت کیلئے سب سے بڑا ماحولیاتی خطرہ قرار
واضح رہے کہ بھارت میں دنیا کے 14 سب سے زیادہ آلودہ شہر موجود ہیں جن میں نئی دہلی چھٹے نمبر پر آتا ہے۔
گاڑیوں اور صنعتی فضلے، پٹاخوں کی آلودگی اور عمارتوں سے نکلنے والا دھول 2 کروڑ کی آبادی والے شہر میں آلودگی میں اضافہ کرتے ہیں۔
آلودگی سے نمٹنے کے لیے حکومت نے گزشتہ روز سڑکوں پر نجی گاڑیوں کو کم کرنے کے لیے بس اور میٹرو سروسز میں اضافے اور ڈیزل کے جنریٹرز کا استعمال ترک کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جہاں نئی دہلی میں پھیلی فضائی آلودگی کی کئی وجوہات ہیں وہیں محقق کہتے ہیں کہ پڑوسی ریاست میں فصلوں کا جلایا جانا بھی شہر کی 10 فیصد آلودگی کا ذمہ دار ہے۔