امریکی پابندیوں کے باوجود ہواوے فونز کی فروخت میں اضافہ
امریکی بلیک لسٹ میں شامل ہوکر مختلف پابندیوں کا سامنا کرنے والی چینی کمپنی ہواوے کے منافع میں کوئی کمی نہیں آسکی۔
امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ کے باعث بلیک لسٹ میں شامل ہوکر مختلف پابندیوں کا سامنا کرنے والی چینی کمپنی ہواوے کے منافع میں کوئی کمی نہیں آسکی اور جنوری سے ستمبر تک اس کمپنی نے 18 کروڑ 50 لاکھ فونز دنیا بھر میں فروخت کیے جو کہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 26 فیصد زیادہ ہیں۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس عرصے میں آمدنی 86 ارب ڈالرز رہی جو کہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 24.4 فیصد زیادہ ہے اور یہ اس وقت ہے جب کمپنی نے خود چند ماہ پہلے اپنی مصنوعات کی فروخت سے آمدنی میں 10 ارب ڈالرز کمی کی پیشگوئی کی تھی، جس کی وجہ امریکا کے محکمہ تجارت کی جانب سے بلیک لسٹ کیا جانا تھا۔