پاکستان

فواد چوہدری کا بیان خان صاحب کی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے، بلاول بھٹو

حکومت کی کارکردگی یہی بتاتی ہے، عوام بے روزگار ہورہے ہیں اور حکومت مزید 400 ادارے بند کر رہی ہے، چیئرمین پی پی پی

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کا بیان خان صاحب کی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے، حکومت کی ایک سال کی کارکردگی بھی یہی بتاتی ہے جہاں عوام بے روزگار ہورہے ہیں وہیں حکومت مزید روزگار پیدا کرنے کے بجائے 400 ادارے بند کر رہی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی ٹریٹمنٹ سپورٹ سینٹر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر سندھ کے بچے کو سمجھانا ہوگا کہ ایچ آئی وی ایڈز سے کیسے بچا جائے اور اگر خدانخواستہ کوئی اس مرض میں مبتلا ہو تو اسے رتو ڈیرو لاکر دوائیں دینی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اگر عوام میں کوئی بیماری ہے تو حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اس کا مقابلہ کرے، پاکستان میں ویسٹ ڈسپوزل سسٹم ٹھیک نہیں ہے جس کی وجہ سے بیماریاں پیدا ہوتی ہیں اور سندھ حکومت اس پر کام کر رہی ہے'۔

مزید پڑھیں: حکومت 400 محکموں کو بند کرنے پر غور کر رہی ہے، فواد چوہدری

پاکستان پیلپز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سائنس و ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر فواد چوہدری کے سرکاری ملازمتوں اور اداروں کی بندش سے متعلق بیان کو ہی حکومت کی اصل پالیسی قرار دیا اور حکومت پر ایک سال میں ہزاروں افراد کو بے روزگار کرنے کا الزام لگادیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'عوام بے روزگار ہورہے ہیں اور حکومت مزید روزگار پیدا کرنے کے بجائے 400 ادارے بند کر رہی ہے'۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن کے دھرنے کی ایک بار پھر تائید کی اور کہا کہ 'جہاں تک آزادی مارچ کا تعلق ہے پیپلز پارٹی سمجھتی ہے عمران حکومت کو جانا ہوگا'۔

سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس-11 میں ضمنی انتخاب سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 'جمعیت علما اسلام (ف) کے موقف کی وضاحت تو وہی کریں گے لیکن کُل جماعتی کانفرنس میں طے ہوا تھا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں زیادہ ووٹ لینے والے کو سپورٹ کریں گی'۔

یہ بھی پڑھیں: نیب کا فواد چوہدری کے ’متنازع بیان‘ کا نوٹس، کارروائی کا اعلان

انہوں نے کہا کہا کہ 'دھاندلی نہ ہونے کی صورت میں پیپلز پارٹی کی ہی فتح ہوگی، سندھ کے عوام پی ایس 11 کے انتخابات کو دھاندلی زدہ نہیں ہونے دیں گے، گھروں سے نکلیں گے'۔

انہوں نے انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کا شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اسلام آباد کے انجینئرنگ اداروں کے دوسرے ڈینز انٹرنیشنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'حکومت عوام کو روزگار فراہم نہیں کرسکتی بلکہ میں آپ کو یہ بتانا چاہوں گا کہ حکومت 400 محکموں کو بند کرنے پر غور کر رہی ہے'۔