پاکستان

شاہی جوڑے کا دورہ پاکستان: کیٹ مڈلٹن کا لباس کس سے متاثر تھا؟

برطانوی شہزادے ولیم اور ان کی اہلیہ پاکستان پہنچے تو اس شاہی دورے کا آغاز ڈچز آف کیمبرج نے روایتی شلوار قمیض پہن کر کیا۔

برطانوی شہزادے ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن پاکستان کے تاریخی دورے پر پہنچ گئے اور اس شاہی دورے کا آغاز ڈچز آف کیمبرج نے روایتی شلوار قمیض پہن کر کیا۔

راولپنڈی کی نور خان ائیر بیس پر شاہی جوڑا 5 روزہ دورے پر پہنچا، اس موقع پر کیٹ مڈلٹن نے ہلکے نیلے رنگ کا شلوار قمیض پہن رکھا تھا جو کہ برطانوی ڈیزائنر کیتھرین واکر نے تیار کیا۔

مزید پڑھیں : برطانوی شاہی جوڑا تاریخی دورے پر پاکستان پہنچ گیا

درحقیقت کیٹ مڈلٹن کا لباس 1996 میں شہزادی ڈیانا کے دورہ پاکستان کے موقع پر پہنے گئے لباس سے بہت زیادہ ملتا جلتا تھا اور کیٹ مڈلٹن کا لباس جس ڈیزائنر نے تیار کیا وہ شہزادی ڈیانا کا بھی پسندیدہ ڈیزائنر تھا۔

یعنی یہ لباس ایک طرح سے ڈچز آف کیمبرج کی جانب سے اپنی آنجہانی ساس کو خراج عقیدت بھی سمجھا جاسکتا ہے۔

فوٹو بشکریہ پیپل ڈاٹ کام

سوزن کیلی کیٹ مڈلٹن کے فیشن پر کام کرنے والی ویب سائٹ WhatKateWore.com کی ایڈیٹر اور بانی ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ اس دورے کے دوران ڈچز آف کیمبرج پاکستانی ثقافت سے متاثر ملبوسات کو آزما کر دیکھیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دورے کے لیے کیٹ مڈلٹن شہزادی ڈیانا سے متاثر ہوں گی مگر یہ احتیاط بھی کریں گی کہ مکمل نقل نہ کریں۔

شاہی جوڑا 5 دن تک پاکستان میں قیام کرے گا، جوڑا اسلام آباد کے علاوہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور اور گلگت بلتستان کا دورہ بھی کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں : شاہی جوڑے کا دورہ پاکستان اور تاریخی رشتے

برطانیہ کے شاہی محل کے مطابق شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کا پاکستانی دورہ ایک ہزار کلو میٹر پر مشتمل ہوگا اور اس دورے کے دوران جوڑا پاکستان کے مختلف علاقوں میں ثقافتی و چیئرٹی پروگرامات میں شرکت کرے گا۔

شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ 18 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کریں گے اور ان کی پاکستان آمد کے حوالے سے تمام انتطامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

رائٹرز فوٹو

خیال رہے کہ یہ شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا تاہم شاہی خاندان کے دیگر افراد ماضی میں اسلام آباد کا دورہ کرچکے ہیں۔

شہزادہ ولیم کی والدہ پرنسز آف ویلز شہزادی ڈیانا نے ماضی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

اے پی فوٹو

علاوہ ازیں برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوئم نے 1961 اور 1997 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، ان کے علاوہ پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس اور ڈچز آف کارن وال 2006 میں پاکستان آئے تھے۔

ملکہ برطانیہ نے 1961 میں کراچی کے ایوان صدرِ میں تقریب میں شرکت کی تھی جب کہ 1997 میں انہوں نے راولپنڈی کا دورہ بھی کیا تھا اور انہوں نے پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم سے بھی ملاقات کی تھی۔