لائف اسٹائل

’معروف اداکار نے سب کے سامنے چھاتی سے پکڑا اور سب دیکھتے رہے‘

فلم کے لیے اوڈیشن دینے گئی جہاں ایک معروف اداکار نے سب کے سامنے نازیبا حرکت کی اور سب صرف دیکھتے ہی رہے، ناؤمی حارث

حال ہی میں ریلیز ہونے والی ہولی وڈ تھرلر فلم ’بلیک اینڈ بلیو‘ میں پولیس اہلکار کا کردار نبھانے والی برطانوی اداکارہ 43 سالہ ناؤمی حارث نے انکشاف کیا ہے کہ ایک معروف اداکار نے سب کے سامنے ان کو چھاتی سے پکڑا اور سب لوگ یہ منظر خاموشی سے دیکھتے رہے۔

ناؤمی حارث اس سے قبل 2017 میں خواتین کو جنسی ہراساں کرنے سے متعلق شروع ہونے والی مہم کے بعد کہہ چکی تھیں کہ انہیں کبھی بھی جنسی ہراساں نہیں کیا گیا اور نہ ہی کسی نے ان کا جنسی استحصال کیا۔

اداکارہ نے ’می ٹو مہم‘ شروع ہونے کے بعد ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اگرچہ می ٹو سے خواتین کے مسائل سامنے آئے ہیں اور اس سے بہت تبدیلی بھی آئی ہے لیکن انہیں اس طرح کے کسی تجربے سے نہیں گزرنا پڑا۔

ناؤمی حارث ماضی میں اعتراف کر چکی ہیں کہ انہیں کبھی ہراساں نہیں کیا گیا—فوٹو: رائٹرز

لیکن اب اداکارہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھی کم عمری میں سب کے سامنے جنسی استحصال کا نشانہ بنایا گیا۔

برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں اداکارہ نے نہ صرف جنسی ہراساں کرنے کے معاملے پر کھل کر بات کی بلکہ انہوں نے ’می ٹو مہم‘ شروع ہونے کے بعد ہونے والی تبدیلیوں پر بھی خیالات کا اظہار کیا۔

ناؤمی حارث نے دعویٰ کیا کہ آج سے 2 دہائیاں قبل ایک اوڈیشن کے دوران معروف اداکار نے ان کے اسکرٹ میں ہاتھ ڈال کر ان کی چھاتی کو پکڑا تھا اور یہ منظر سب لوگ دیکھتے رہے۔

اداکارہ جیمز بانڈ سیریز کی فلموں میں بھی نظر آ چکی ہیں—فوٹو: شٹر اسٹاک

اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ معروف مرد اداکار کی جانب سے کی جانے والی اس نازیبا حرکت کو کاسٹنگ ڈائریکٹر سمیت فلم کی ٹیم میں شامل دیگر مرد حضرات نے دیکھا لیکن انہیں کسی نے بھی ایسا کرنے پر نہیں ٹوکا۔

ناؤمی حارث کے مطابق جب ان کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا تب ان کی عمر محض 20 برس تھی اور حیرانی کی بات یہ ہےکہ یہ منظر دیکھنے والی کسی بھی مرد کو یہ غلط نہیں لگا۔

ناؤمی حارث نے اگرچہ اپنے ساتھ ہونے والے اس واقعے کا تفصیلی ذکر کیا لیکن انہوں نے یہ حرکت کرنے والے اداکار کا نام نہیں لیا لیکن انہوں نے اس اداکار کو بہت ہی بڑا اور معروف اداکار قرار دیا۔

ناؤمی حارث کے مطابق انہیں سب کے سامنے ہراساں کیا گیا—فوٹو: اے پی

اداکارہ نے انٹرویو میں ’می ٹو مہم‘ کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ اس مہم سے بہت بڑی تبدیلی آئی اور خواتین کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنے والوں کا احتساب شروع ہوا۔

ناؤمی حارث کے مطابق می ٹو مہم سے خواتین کو طاقت اور خودمختاری کا احساس بھی ہوا اور انہوں نے اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر کھل کر بات کی۔

انٹرویو کے دوران اداکارہ نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی پر بھی کھل کر بات کی اور بتایا کہ وہ مستقبل میں مزید فلموں میں دکھائی دیں گی۔

اداکارہ کے مطابق یہ نازیبا حرکت کرنے والے کو کسی نے کچھ نہیں کہا تھا —فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ کی گزشتہ ماہ ریلیز ہونے والی تھرلر ڈراما فلم ’بلیک اینڈ بلیو‘ نے اچھی کمائی کی تھی اور جلد ہی ان کی فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائی‘ ریلیز ہوگی۔

ناؤمی حارث کا تعلق انگلینڈ سے ہے ان کے والد کا تعلق افریقا سے تھا، اداکارہ نے بچپن سے اداکاری کی شروعات کی تھی اور وہ کئی سال تک بطور چائلڈ اسٹار کام کرتی رہیں۔

ناؤمی حارث فلموں کے علاوہ ٹی وی اور تھیٹر پر بھی کام کر چکی ہیں اور ان کی اب تک 3 درجن کے قریب فلمیں ریلیز ہوچکی ہیں۔

ناؤمی حارث کی پہلی فلم ’کرسٹ‘ 2001 میں ریلیز ہوئی تھی اور ان کی دیگر معروف فلموں میں ’پائریٹس آف دی کیریبیئن، 28 ڈیز لیٹر، میامی وائس، اسٹریٹ کنگز، اگست، سیکس اینڈ ڈرگس اینڈ راک اینڈ رول، مائی لاسٹ 5 گرل فرینڈ، جیمز بانڈ: اسکائے فال، اسپیکٹر، مون لائٹ اور موگلی: لیجنڈ آف دی جنگل‘ شامل ہیں۔