پاکستان

‘صرف اللہ جانتا ہے کہ مولانا کس ایجنڈے پر کام کررہے ہیں‘

شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمٰن کے پاس کچھ نہیں اور پیپلزپارٹی کی بات بھی حتمی نہیں ہے، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید

وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کس ایجنڈے پر کام کررہے ہیں یہ صرف اللہ کو معلوم ہے۔

لاہورمیں پریس کانفرنس میں انہوں نے پیشگوئی کی کہ فضل الرحمٰن پھنسنے جارہے ہیں۔

مزیدپڑھیں: 'مولانا فضل الرحمٰن کی مکمل حمایت کرتے ہیں'

شیخ رشید نے کہا کہ ’میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ اکتوبر، نومبر اور دسمبر انتہائی اہم ہیں اور 15 سے 30 جنوری میں وزیراعظم عمران خان تمام مسائل پر قابو پالیں گے اور چھا جائیں گے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمٰن کے پاس کچھ نہیں ہے اور پیپلزپارٹی کی بات بھی حتمی نہیں، تمام مسائل خلا میں لٹک رہے ہیں‘۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ایسی جگہ پھنسا دیا جہاں سے وہ نکل نہیں سکتے، عالمی سطح پر کشمیر کا مسئلہ اجاگر کیا۔

مزیدپڑھیں: مولانا فضل الرحمٰن سیاست اور دین میں تصادم چاہتے ہیں، شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا کہ ’میں نے بیجنگ میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور کو پکڑکر کہا تھا کہ میں بہتر سمجھتا ہوں کہ عوام میں کیا بات کی جائے، کشمیریوں پر ظلم و ستم ہو تو عوام خاموش تماشائی نہیں بن سکتی‘۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو مروانے میں مریم نواز کا کلیدی کردار ہے۔

ریلوے کا خسارہ 3 سال میں ختم کرنے کا دعویٰ

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ ریلوے کا خسارہ 5 برس کے بجائے 3 سال میں ختم کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ 15 اکتوبر سے جناح ایکسپریس کے ساتھ اکانومی کلاس کی 4 بوگیاں لگائی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’جناح ایکسپریس میں اکانومی کلاس کا کرایہ نصف ہوجائیگا۔

مزیدپڑھیں: محکمہ ریلوے میں قرعہ اندازی سے کی گئیں تعیناتیاں عدالت میں چیلنج

شیخ رشید نے کہا کہ محکمہ ریلوے میں بائیو میٹرک نظام متعارف کرادیا جس کے تحت عملے اور افسران کو وقت کی پابندی کا پابند کیا جائےگا۔

وفاقی وزیر نے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی کہ وہ ننکاصاحب ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کریں۔

انہوں نے کہا 100 لوکوموٹیو انجن، ایک ہزار ویگن اور 10 ہزار ٹریڈ ویگنز کا چین کے ساتھ معاہدہ کیا جو بی او ٹی کے تحت پاکستان میں تعمیر ہوں گی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’ہم نے حساس پروگرام کے ذمہ داران سے اسٹیشنوں پر ایک ہزار دکانیں بنانے کا کہا ہے‘۔