'ایک دہائی سے زائد عرصے سے جاری سفر بالآخر اختتام کو پہنچ گیا'
حمزہ علی عباسی صرف ایک بہترین اداکار ہی نہیں ہیں بلکہ سوشل میڈیا پر سیاست اور مذہب دونوں ہی پر اپنی رائے دینے کے لیے کافی فعال بھی رہتے ہیں۔
ان کے مداحوں کی تعداد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ بھی ہورہا ہے۔
البتہ اب اداکار نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹوئٹ کے ساتھ مداحوں کو کافی پریشان کردیا۔
حمزہ علی عباسی نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ 'ایک دہائی سے زائد عرصے سے جاری سفر اختتام کو پہنچ گیا، میں اس ماہ کے آخر میں ایک بہت اہم اعلان کروں گا، امید ہے میری آواز کو زیادہ سے زیادہ لوگ سنیں، اکتوبر کے اواخر تک سوشل میڈیا استعمال نہیں کروں گا'۔
اداکار کی اس ٹوئٹ کے بعد کئی مداحوں نے خیال کیا کہ وہ میڈیا انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ کررہے ہیں۔
جبکہ بہت سے صارفین کا یہ بھی کہنا تھا کہ شاید حمزہ پاکستان تحریک انصاف سے خود کو الگ کررہے ہیں۔
حمزہ علی عباسی نے اپنے کیریئر کا آغاز 2006 میں تھیٹر سے کیا تھا، بعدازاں انہوں نے 'مڈ ہاؤس اینڈ دی گولڈن ڈول' نامی فیچر فلم بھی ڈائیریکٹ کی۔