حیرت انگیز

انسٹاگرام پر مشہور اس خاتون کو کیوں گرفتار کیا گیا؟

انسٹاگرام پر ہولی وڈ اسٹار انجلینا جولی کی خوفناک نقل بن کر مشہور ہونے والی ایرانی خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔

انسٹاگرام پر ہولی وڈ اسٹار انجلینا جولی کی خوفناک نقل بن کر مشہور ہونے والی ایرانی خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔

اے ایف پی کی رپورٹ میں ایرانی خبررساں ادارے تسنیم کے حوالے سے بتایا گیا کہ سحر تبار نامی اس خاتون کو تہران کی رہنمائی عدالت کے احکامات پر حراست میں لیا گیا۔

اس خاتون پر توہین مذہب، تشدد پر اکسانے، غیرقانونی ذرائع سے آمدنی اور نوجوانوں میں کرپشن کی حوصلہ افزائی کے الزامات تحت حراست میں لیا گیا۔

یہ خاتون گزشتہ سال اس وقت مشہور ہوئی تھی جب انسٹاگرام پر اس نے انجلینا جولی کی خوفناک نقل پر مبنی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کیں۔

رپورٹ کے مطابق اس خاتون کو لوگوں کی جانب سے شکایات پر حراست میں لیا گیا تھا اور اس کا انسٹاگرام اکاﺅنٹ اس کے بعد ڈیلیٹ ہوگیا۔

نیوزویک کی رپورٹ میں اس بارے میں بتایا گیا کہ انسٹاگرام میں یہ خاتون لاغر چہرے، جبڑے کی ابھری ہوئی ہڈیوں، عجیب سے ہونٹوں، پچکے ہوئے گال اور ابھری ہوئی ناک والی تصاویر شیئر کرتی تھی جو وائرل ہوئی تھیں۔

اس کے بعد یہ خیال کیا گیا تھا کہ سحر نے متعدد کاسمیٹک سرجریاں کراکے اپنا یہ حال کیا ہے مگر بعد ازاں یہ انکشاف ہوا تھا کہ بیشتر تصاویر بہت زیادہ ایڈٹ کی گئی تھیں۔

22 سالہ سحر کا اس بارے میں کہنا تھا کہ اس خوفناک حلیے کو وہ میک اپ اور ایڈیٹنگ کی مدد سے بناتی تھی اور اس کا کبھی بھی انجلینا جولی جیسا نظر آنے کا ارادہ نہیں تھا۔

روسی سائٹ سپوتنک سے 2017 میں بات کرتے ہوئے سحر نے کہا 'یہ فوٹو شاپ اور میک اپ کا کمال ہے، ہر بار میں کوئی تصویر پوسٹ کرتی ہوں تو میں اپنے چہرے کو مضحکہ خیز انداز میں رنگ لیتی ہوں'۔

خاتون نے کہا 'یہ میرا اپنی ذات کے اظہار کا طریقہ ہے اور ایک طرح کا فن ہے، میرے مداح جانتے ہیں کہ یہ میرا اصل چہرا نہیں'۔

خیال رہے کہ ایران میں فیس بک، ٹوئٹر اور ٹیلیگرام سروسز پر پابندی ہے مگر انسٹاگرام دستیاب ہے۔