محض 3 روز میں 14 ارب روپے کمانے والا ’جوکر‘
فلم کی ریلیز سے قبل خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اس کی نمائش کے وقت فائرنگ، دہشت گردی و تشدد کے واقعات ہوں گے۔
ہولی وڈ کی سپر ولن سائیکالاجی تھرلر فلم ’جوکر‘ نے جہاں ریلیز سے پہلے ہی امریکا سمیت دنیا کے کئی ممالک کی حکومتوں کو خوف میں مبتلا کردیا تھا وہیں فلم نے ریلیز ہوتے ہی امریکا سمیت دنیا بھر میں تہلکہ مچا دیا تھا۔
یہ خیال تو پہلے ہی کیا جا رہا تھا کہ ’جوکر‘ نئے ریکارڈ بنانے اور کئی ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہوجائے گی اور اب فلم نے خیالات کو حقیقت میں بدل دیا۔
’جوکر‘ نے ریلیز کے پہلے تین دن یعنی ابتدائی ہفتے میں ہی صرف امریکا بھر سے 9 کروڑ 35 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 14 ارب روپے کی کمائی کرکے نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: خطرات کے باوجود ’جوکر‘ کی نمائش اور ریکارڈ کمائی
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ’جوکر‘ کی نمائش سے قبل ایف بی آئی سمیت امریکا کے دیگر سیکیورٹی اداروں نے انتباہ جاری کیا تھا اور خدشہ ظاہر کیا تھا کہ فلم کی ریلیز کے موقع پر فائرنگ، قتل و غارت و تشدد کے واقعات ہو سکتے ہیں۔