ملک میں پولیو کے 2 نئے کیسز رپورٹ، رواں برس تعداد 72 تک پہنچ گئی
کراچی/کوئٹہ: پاکستان میں پولیو کے 2 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد رواں برس ملک میں رپورٹ ہونے والے مجموعی کیسز کی تعداد 72 ہوگئی۔
ملک میں حال ہی میں رپورٹ ہونے والے پولیو کے 2 کیسز میں سے ایک صوبہ سندھ اور دوسرا بلوچستان میں سامنے آیا۔
سندھ میں ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو نے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے پولیو کے ایک کیس کی تصدیق کی۔
انہوں نے کہا کہ 17 ماہ کی بچی میں پولیو کی تصدیق ہوئی جس کے بعد کراچی میں رواں برس رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 4 ہوگئی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سندھ کے شہر حیدرآباد میں 2 بچے، ضلع جامشورو اور لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والا ایک، ایک بچہ پولیو کا شکار ہوا تھا۔
مزید پڑھیں: ملک میں پولیو کے تین نئے کیسز رپورٹ، رواں سال تعداد 69 ہو گئی
ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس صوبہ سندھ میں پولیو کا صرف ایک کیس ریکارڈ ہوا تھا۔
ایک عہدیدار نے کہا کہ ’رواں برس ملک بھر اب تک پولیو کے 72 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے خیبرپختونخوا میں 53، سندھ میں 8، بلوچستان میں 6 اور پنجاب میں 5 کیسز رپورٹ کیے گئے‘۔
انہوں نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن میں پولیو کا شکار ہونے والی بچی کو بخار ہوا تھا اور دائیں ٹانگ میں کچھ کمزوری کے باعث اسے ڈاکٹر کے پاس لے جایا گیا تھا۔
عہدیدار نے مزید بتایا کہ ڈاکٹر نے بچی کی ٹانگ میں کمزوری کو ایکیوٹ فلیسڈ پیرالائسز قرار دیا جس کے بعد پولیو کی تصدیق کے لیے ٹیسٹ کیا گیا تھا۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) برائے پولیو نے تصدیق کی کہ بچی کو صرف ٹی بی سے بچاؤ کی ویکسین (بی سی جی) دی گئی تھی تاہم پولیو ویکسین کے ڈوز دیے جانے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ سے جون 2020 تک انسداد پولیو مہم کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جس کا مقصد پولیو کا خاتمہ کرنا ہے۔
ای او سی اور پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن نے والدین کو پولیو ٹیمز سے تعاون کرنے کی سخت ہدایت کی۔
پولیو کا دوسرا کیس بلوچستان کے ضلع جعفرآباد سے رپورٹ کیا گیا جس کے بعد صوبے میں رواں برس رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 6 ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: رواں برس کے دوران ملک میں پولیو کیسز کی تعداد 62 ہوگئی
بلوچستان محکمہ صحت کے عہدیداران نے کہا کہ جعفرآباد میں 15 ماہ کا بچہ پولیو وائرس کے باعث مفلوج ہوگیا۔
بچے کے والدین کے مطابق 15 ستمبر کے بعد اسے تیز بخار ہوا اور 24 گھنٹے میں بچے کی دونوں ٹانگیں کمزور ہوگئیں جس کے نتیجے میں وہ مفلوج ہوگیا۔
رواں برس بلوچستان میں پولیو کے 6 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے جن میں سے 3 قلعہ عبداللہ، ایک کوئٹہ اور ایک جعفرآباد سے بھی رپورٹ ہوا۔
صوبائی ایمرجنسی پولیو سینٹر نے کیسز میں حالیہ اضافے کے بعد انسداد پولیو کی خصوصی مہم کا آغاز کیا تھا۔
عہدیداران کے مطابق کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللہ جیسے حساس علاقوں میں پولیو کے خاتمے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
یہ خبر 6 اکتوبر 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی