یونیورسٹی انتظامیہ کی 'غفلت':بی بی اے کا طالبعلم دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک
اسلام آباد کی نجی کامسیٹس یونیورسٹی میں بی بی اے کا طالب علم دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہو گیا، طلبہ نے بروقت ایمبولنس نہ بلانے پر موت کا ذمہ دار یونیورسٹی انتظامیہ کو ٹھہرایا تاہم یونیورسٹی انتظامیہ نے الزامات مسترد کر دیے۔
دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہونے والا طالب علم انعام بی بی اے سیکنڈ سیمسٹر کا اسٹوڈنٹ تھا۔
طلبہ نے کہا کہ دل کا دورہ پڑنے کے بعد انعام 25 منٹ تک زمین پر ہی پڑا رہا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے بروقت ایمبولینس نہ بلانے اور نجی گاڑیوں کے لیے دروازہ کھولنے کی اجازت نہ دینے کے باعث انعام کی موت واقع ہوئی۔
کامسیٹس اسٹوڈنٹ باڈی نے اپنے بیان میں کہا کہ وقت پر ایمبولینس دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے بدقسمتی سے بی بی اے کے دوسرے سیمسٹر کا طالب علم دل کا بلڈ پریشر کم ہونے اور دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔
باڈی نے واقعے کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داروں کو سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی نام نہاد پالیسیوں کی وجہ سے آج ایک طالب علم کی جان چلی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: لاڑکانہ: ڈینٹل کالج کی طالبہ کی ہاسٹل میں پراسرار موت
تاہم یونیوسٹی انتظامیہ نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ انعام کو یونیورسٹی کے میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے تشویشناک حالت کے باعث انہیں ہسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا۔