نجی مسائل کے سبب قومی ویمنز ٹیم کے کوچ مستعفی
پاکستان کی ویمنز ٹیم کے کوچ مارک کولز نے اپنے فیملی مسائل کے سبب قومی ٹیم کی کوچنگ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
مارک کولز نے اکتوبر 2017 میں یہ عہدہ سنبھالا تھا اور ان کا معاہدہ فروری-مارچ 2020 میں آسٹریلیا میں شیڈول ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ تک تھا۔
مارک کولز نے کہا کہ میں نے انتہائی بھاری دل کے ساتھ کوچنگ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے، میں اس عہدے سے بہت لطف اندوز ہوا لیکن میری خاندانی ذمے داریاں مکمل توجہ کا تقاضا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں کچھ عرصے سے اس بارے میں سوچ رہا تھا اور آئندہ آنے والے دنوں میں ٹیم کے چند اہم دوروں اور میچز کو مدنظر رکھتے ہوئے میں نے یہی مناسب سمجھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنے فیصلے اسے آگاہ کردوں تاکہ ان کے پاس میرا متبادل ڈھونڈنے کے لیے مناسب وقت ہو۔
انہوں نے پاکستانی ویمنز ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ قومی ٹیم ترقی کا سفر جاری رکھے گی۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ میں مارک کولز کے ذاتی مسائل سے مکمل طور پر آگاہ ہوں اور مجھے خوشی ہے کہ انتہائی مشکل حالات کے باوجود انہوں نے پاکستان کی بہتری کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ہمیں بروقت اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا۔
انہوں نے کہا کہ فیملی ہمیشہ اولین ترجیح ہونی چاہیے اور ہم ان کے مسائل کو سمجھتے ہیں لیکن ہمیں افسوس ہے کہ وہ ایک ایسے موقع پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ کر جا رہے ہیں جب ٹیم کی کارکردگی میں واضح بہتری نظر آنے لگی تھی۔
کولز کی جگہ ویمنز ٹیم کے نئے کوچ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔