پاکستان نے سری لنکا کے خلاف تیسرے میچ میں 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے تین میچوں کی سیریز 0-2 سے جیت لی۔
سری لنکا نے دھنشکا گونا تھیلاکا کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان کو سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں فتح کے لیے 298 رنز کا ہدف دیا تھا جس کو پاکستان نے بلے بازوں کی ذمہ دارانہ کارکردگی کے بدولت 49ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ون ڈے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد 13 کے مجموعے پر آوشکا فرنینڈو صرف چار رنز بنا کر محمد عامر کی وکٹ بن گئے تھے۔
اس موقع پر گوناتھیلاکا کا ساتھ دینے کپتان لہیرو تھریمانے آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی سنچری مکمل کرائی۔
88 رنز کی اس شراکت کے خاتمے لیے کپتان سرفراز احمد اسپنر محمد نواز کو باؤلنگ پر لائے اور انہوں نے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے اپنے پہلے ہی اوور میں سری لنکن کپتان کی وکٹ حاصل کر لی، تھریمانے نے 36رنز کی اننگز کھیلی۔
دوسرے اینڈ سے گوناتھیلاکا نے عمدہ کھیل جاری رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ اینجلو پریرا کے ساتھ مزید 50رنز کی ساجھے داری قائم کی، پریرا 13 رنز ہی بنا سکے۔
تین وکٹیں گرنے کے بعد گونا تھیلاکا کا ساتھ دینے منود بھنوکا آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 74رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کی جبکہ اس دوران اوپننگ بلے باز نے اپنی سنچری بھی مکمل کر لی۔
اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں بھنوکا کی 36رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی جبکہ شیہان جے سوریا بھی صرف تین رنز بنا سکے۔
243 کے مجموعی اسکور پر گوناتھیلاکا کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ کیریئر کی بہترین 133 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد محمد عامر کی دوسری وکٹ بن گئے، ان کی اننگز میں 16 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔