پاکستان

قاسم سوری قومی اسمبلی کی رکنیت سے ڈی نوٹیفائی

الیکشن کمیشن نے انتخابی کامیابی کالعدم قرار دینے کے بعد سابق ڈپٹی اسپیکر کی اسمبلی رکنیت ختم کرنےکانوٹیفکیشن جاری کردیا۔
|

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کو قومی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے ڈی نوٹیفائی کردیا۔

یہ فیصلہ بلوچستان ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل کے اس فیصلے کے بعد سامنے آیا جس میں سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی انتخابات میں کامیابی کو کالعدم قرار دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ جولائی 2018 کے عام انتخابات میں قاسم سوری پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر این اے 265 (کوئٹہ ٹو) سے منتخب ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: سابق ڈپٹی اسپیکر کے خلاف الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

تاہم ان کی اس کامیابی کو نوابزادہ لشکری رئیسانی کی جانب سے چیلنج کیا گیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ حلقے میں مبینہ طور پر دھاندلی کی گئی۔

بعدازاں جمعہ 27 ستمبر کو الیکشن ٹریبونل نے اس حلقے میں دوبارہ انتخابات کا حکم دیا تھا لیکن قاسم سوری اس انتخابات میں دوبارہ حصے لینے کے لیے اہم ہوں گے۔

الیکشن ٹریبونل کے اس فیصلے کو قاسم سوری نے یکم اکتوبر کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔

عدالت عظمیٰ میں قاسم سوری کی جانب سے الیکشن ٹریبونل کے انتخابات میں کامیابی کو کالعم قرار دینے کے فیصلے کے خلاف اپیل ایڈووکیٹ نعیم بخاری نے دائر کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: این اے 265: ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی کامیابی کالعدم، دوبارہ انتخابات کا حکم

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ الیکشن ٹریبونل نے شواہد کا جائزہ نہیں لیا، انتخابی عمل میں بے ضابطگیاں میرے موکل سے منسوب نہیں ہوسکتیں۔

سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے جبکہ اس اپیل کو بدھ کو سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

واضح رہے کہ قاسم سوری نے عام انتخابات 2018 میں بلوچستان میں قومی اسمبلی کے حلقہ 265 کوئٹہ 2 سے کامیابی کے بعد 15 اگست 2018 کو 183 ووٹز حاصل کرکے وہ قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے تھے۔