لائف اسٹائل

ملائیشیا کے سابق بادشاہ کی اہلیہ بچے کا ڈی این اے کرانے کو تیار

بادشاہ نے اہلیہ کے ہاں پیدا ہونے والے بچےکو اپنا حقیقی بچہ تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا اور روسی اہلیہ کوطلاق دےدی تھی۔
ملائیشین بادشاہ کی روسی اہلیہ ان سے 23 برس کم عمر تھیں —فوٹو: انسٹاگرام

رواں برس جولائی میں خبر سامنے آئی تھی کہ روسی دوشیزا کے لیے بادشاہت چھوڑنے والے ملائیشیا کے سلطان محمد پنجم نے اپنی روسی اہلیہ کو طلاق دے دی۔

سلطان محمد پنجم اور ان کی روسی نژاد اہلیہ کے درمیان طلاق کی خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی تھی جب جوڑے کے ہاں چند ہفتے قبل ہی پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔

سامنے آنے والی رپورٹس میں طلاق کی وجوہات سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا تھا، تاہم ذرائع سے بتایا گیا تھا کہ سلطان محمد پنجم نے خود سے کم عمر اہلیہ کو اس لیے طلاق دی، کیوں کہ انہیں شک تھا کہ ان کے ہاں ہونے والا بچہ ان کا نہیں۔

رپورٹس تھیں کہ سلطان محمد پنجم کو شک تھا کہ وہ اپنی اہلیہ کے بچے کے حقیقی والد نہیں ہیں، اس لیے انہوں نے اہلیہ کو طلاق دے دی۔

طلاق کے حوالے سے سلطان محمد پنجم کی روسی نژاد اہلیہ ریحانا کا کہنا تھا کہ اگرچہ انہیں طلاق کے دستاویزات نہیں ملے، تاہم انہیں بتایا گیا ہے کہ انہیں طلاق دے دی گئی۔

رپورٹس کے مطابق ملائیشین سلطان نے بچے کو حقیقی بچہ تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا —فوٹو: انسٹاگرام

میڈیا رپورٹس کے مطابق سلطان محمد پنجم نے اہلیہ کو بچے کی پیدائش کے فوری بعد طلاق دے دی تھی اور بعد ازاں سنگاپور کی عدالت سے طلاق کی قانونی سند لی گئی۔

سلطان محمد پنجم کی جانب سے اہلیہ کے ہاں پیدا ہونے والے بچے کو اپنا بچہ تسلیم نہ کرنے اور اپنی طلاق سے متعلق اب روسی نژاد ریحانا نے نیا دعویٰ کیا ہے اور تسلیم کیا ہے کہ شوہر ان سے بچہ پیدا ہونے سے قبل ہی الگ ہوگئے تھے۔

امریکی ویب سائٹ ’ایم ای اے ڈبیلو ڈبلیو‘ نے اپنی رپورٹ میں برطانوی اخبار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ روسی نژاد ریحانا کا کہنا تھا کہ سلطان محمد پنجم ان سے اس وقت ہی الگ ہوگئے تھے جب وہ 4 ماہ کے حمل سے تھیں۔

سابق ملائیشین بادشاہ کی سابق اہلیہ کے مطابق انہیں نہیں معلوم کہ شوہر ان سے کیوں الگ ہوگئے تھے لیکن الگ ہونے کے بعد انہیں انٹرنیٹ کے ذریعے اپنی طلاق کا علم ہوا۔

روسی دوشیزہ کے مطابق سلطان اس وقت ان سے الگ ہوئے تھے جب وہ 4 ماہ کے حمل سے تھیں—فوٹو: انسٹاگرام

روسی نژاد دوشیزہ نے پہلی مرتبہ طلاق کو تسلیم کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے ہاں پیدا ہونے والے بچہ ملائیشین سلطان کا ہی ہے۔

روسی دوشیزہ نے یہ بھی کہا کہ وہ بچے کا ڈی این اے ٹیسٹ کروانے کے لیے بھی تیار ہیں اور ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ ان کا بچہ اپنے والد یعنی سلطان محمد پنجم کی طرح دکھائی دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کم عمر دوشیزہ کیلئے بادشاہت چھوڑنے والے بادشاہ نے حسینہ کو طلاق دیدی

انہوں نے اپنے سابق شوہر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی آنکھیں کھولیں اور اپنے بیٹے کو اپنائیں، انہیں اپنے حصے کا پیار دیں، وہ ان کا ہی بیٹا ہے۔

روسی دوشیزہ بادشاہ کے ساتھ لی گئیں رومانوی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتی رہتی تھیں —فوٹو: انسٹاگرام

خیال رہے کہ 50 سالہ سلطان محمد پنجم نے 27 سالہ روسی دوشیزہ اور سابق مس ماسکو اوکسانا ووئی وڈینا سے گزشتہ برس جون میں شادی کی تھی۔

سلطان محمد پنجم نے جس وقت شادی کی تھی وہ اس وقت ملائیشیا کے بادشاہ تھے لیکن روسی حسینہ سے شادی کرنے کے بعد انہوں نے تخت کو چھوڑ دیا تھا۔

مزید پڑھیں: ملائیشیا کے بادشاہ نے کم عمر بیوی کو طلاق کیوں دی، حقائق سامنے آگئے

خود سے زائد العمر مگر امیر ترین شخص سے شادی کرنے کے لیے روسی دوشیزہ نے اسلام قبول کیا تھا اور انہوں نے اپنا نام ریحانہ رکھا تھا۔

شادی کے بعد اگرچہ سلطان محمد پنجم نے بادشاہت چھوڑی دی تھی، تاہم انہیں شاہی قوانین کے تحت ایک ریاست کا بادشاہ مقرر کیا گیا تھا اور انہیں شادی کے بعد عوامی مقامات پر انتہائی کم دیکھا گیا تھا۔

شادی کے محض ایک سال بعد ہی دونوں میں طلاق ہوگئی تھی۔

روسی دوشیزہ سے شادی کے بعد سلطان محمد نے بادشاہت چھوڑی تھی —فوٹو: انسٹاگرام