ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 11 کروڑ 30 لاکھ تک پہنچنے کا امکان
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ صوبائی الیکشن کمشنرز کی جانب سے ووٹرز کی فہرست میں تجدید کے بعد رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 90 لاکھ سے بڑھ کر 11 کروڑ 30 لاکھ تک جانے کا امکان ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کے سینئر عہدیدار نے بتایا کہ صوبائی الیکٹورل رولز نومبر میں یونین کونسل کی سطح پر شائع اور آویزاں کیے جائیں گے، جس کے بعد بلدیاتی حکومت کے آئندہ انتخابات کے تناظر میں ووٹرز کے اعتراضات قبول کرنے کا عمل شروع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تجدید شدہ فہرستوں میں ووٹرز کی تعداد میں 40 لاکھ افراد کے اضافے کا امکان ہے اور ووٹرز کو صوبائی فہرستوں میں درستی کے لیے 3 ہفتوں کا وقت دیا جائے گا۔
ای سی پی کے عہدیدار نے بتایا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے بلدیاتی اداروں کی مدت بالترتیب 27 اور 28 اگست کو ختم ہوئی تھی۔
مزید پڑھیں: ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 75 لاکھ ہوگئی
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی نے بلدیاتی حکومت کے نئے قانون کا نفاذ کیا ہے، جو قوانین کی تیاری کے مراحل میں ہے جبکہ اس حوالے سے نوٹی فکیشن کے اجرا کے بعد صوبے میں حدبندی کے عمل کا آغاز کیا جائے گا۔