سائنس و ٹیکنالوجی

سام سنگ کا سب سے طاقتور کیمرے والا فون پیش

سام سنگ نے رواں سال مارچ میں اے سیریز کے اس فون کو مزید اپ ڈیٹ کیا ہے اور کیمرا سسٹم پہلے سے زیادہ طاقتور بنایا گیا ہے۔

سام سنگ نے اپنا سب سے طاقتور کیمرے والا اسمارٹ فون گلیکسی اے 70 ایس متعارف کرا دیا ہے۔

درحقیقت جنوبی کورین کمپنی نے رواں سال مارچ میں اے سیریز کے اس فون کو مزید اپ ڈیٹ کیا ہے اور کیمرا سسٹم پہلے سے زیادہ طاقتور بنایا گیا ہے۔

مارچ میں جب اس فون کو پیش کیا گیا تھا تو یہ سام سنگ کا پہلا فون تھا جس میں 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا تھا اور اب گلیکسی اے 70 ایس کی شکل میں اس کمپنی نے اپنا پہلا ایسا فون پیش کیا ہے جس میں 64 میگا پکسل کیمرا بیک پر دیا گیا ہے۔

جہاں تک فرنٹ کی بات ہے تو ڈیزائن کے لحاظ سے یہ مارچ والے فون جیسا ہی ہے یعنی 6.7 انچ کا ایف ایچ ڈی پلس سپر امولیڈ ڈسپلے جس میں واٹر ڈراپ نوچ میں 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا موجود ہے جبکہ فنگرپرنٹ سنسر اسکرین کے اندر نصب ہے۔

سب سے بڑی تبدیلی فون کے بیک پر موجود ہے جہاں تھری ڈی پریزم گریڈینٹ ڈیزائن دیا گیا ہے جبکہ مین کیمرا اب 64 میگا پکسل کا ہے جس میں ایف 1.8 آپرچر موجود ہے جبکہ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ سنسر اور 5 میگا پکسل ڈیپتھ ہیلپر کیمرا بھی دیا گیا ہے۔

کیمرا سسٹم 30 فریم فی سیکنڈ 4 کے فوٹیج ریکارڈ کرتا ہے۔

فوٹو بشکریہ سام سنگ

اس کے علاوہ فون میں اسنیپ ڈراگون 675 پراسیسر، 6 سے 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

فون میں 4500 ایم اے ایچ بیٹری 25 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے جبکہ اینڈرائیڈ پائی آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے ون یو آئی سے کیا ہے۔

اس فون کا 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 410 ڈالرز (64 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ورژن 440 ڈالرز (69 ہزار پاکستانی روپے) میں فروخت کیا جائے گا مگر یہ مختلف مارکیٹوں میں کب تک دستیاب ہوگا، کمپنی نے فی الحال اعلان نہیں کیا۔

یہ شیاﺅمی اور رئیل می کے فونز کے بعد پہلا فون ہے جس میں بیک پر 64 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے۔

اس سے قبل رواں ماہ کے دوران سام سنگ نے گلیکسی اے 50 ایس اور اے 30 ایس بھی متعارف کرائے تھے جبکہ پاکستان میں گلیکسی اے 10 ایس کو فروخت کے لیے پیش کیا تھا۔