درحقیقت روزمرہ کے چند عام کاموں میں معمولی تبدیلیاں زندگی کو آسان بنانے، وقت بچانے اور ذہنی جھنجھلاہٹ سے بچانے میں مدد دے سکتی ہیں۔
یقین نہیں آتا تو نیچے چند مثالیں موجود ہیں۔
انگلی پر بینڈیج لگانے کا طریقہ
کاغذ سے جلد کٹ جانے، چھالہ یا انگلیوں، ہاتھ اور پیروں کی انگلیوں میں کسی بھی قسم کی انجری کے لیے ان چپکنے والی پٹیوں کا استعمال اکثر مشکل ہوتا ہے۔
درحقیقت یہ بینڈیج انگلیوں کے اوپری حصے میں استعمال کے لیے نہیں بنی ہوتی اور یہی وجہ ہے کہ وہاں زخم پر انہیں لگانے پر وہ آسانی سے پھسل کر نکل جاتی ہیں۔
مگر ایک قینچی کی مدد سے آپ آسانی سے اس مسئلے کو دور کرسکتے ہیں۔
بس آپ کو اس بینڈیج کو دونوں جانب سے درمیان سے تھوڑا سا کاٹ کر 2 کی بجائے 4 چپکنے والے حصے بنالینے ہیں۔
اس کے بعد بینڈیج پیڈ کو متاثرہ حصے پر رکھ کر دبائیں اور پھر ان چاروں حصوں کو انگلی پر کراس کے نشان کی طرح لگادیں، جیسا آپ نیچے ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں، جس سے یہ انگلی سے پھسل کر نیچے نہیں گرے گی۔
پستے کے چھلکے
پستے بہت مزیدار میوہ ہے مگر اس کے چھلکے اتارنے کی کوشش میں ہوسکتا ہے کہ ناخن ٹوٹ جائے تو ایسا کرنے کی بجائے ایک چھلکا لیں اور اسے دیگر پستوں کے سخت چھلکے اتارنے کے لیے استعمال کریں، جیسا آپ ویڈیو میں بھی دیکھ سکتے ہیں۔
سوئی میں دھاگا ڈالنا
سوئی دھاگا تو آپ نے دیکھا ہوگا بلکہ صدیوں سے لوگ انہیں سلائی کے لیے استعمال کرتے آرہے ہیں۔
تاہم کئی بار ہوسکتا ہے کہ سوئی کے سوراخ میں دھاگا ڈالنا مشکل ہوجاتا ہے جس کے باعث جھنجھلاہٹ اور چڑچڑاہٹ طاری ہوجاتی ہے۔
تاہم اب معلوم ہوا کہ آج تک تو لوگ دھاگے کو سوئی میں غلط طریقے سے ڈالتے آئے ہیں اور اس کا انتہائی آسان متبادل موجود ہے جو کہ اس کام کو سیکنڈوں میں ممکن بنادیتا ہے۔
ویسے تو ویڈیو میں آپ اسے دیکھ ہی لیں گے تاہم ویسے بھی جان لیں کہ دھاگے کو سوئی کے سوراخ میں ڈالنے کی ناکام کوششوں کی بجائے دھاگے کو ہاتھ یا کسی اور سپاٹ سطح پر رکھیں اور پھر سوئی کے سوراخ کو دھاگے کے درمیانی حصے پر رکھ کر گھمائیں۔
آپ دیکھیں گے کہ سوئی کا وہ سوراخ دھاگے کا اتنا بڑا حصہ اپنے اندر سے گزار لے گا کہ پھر کوئی مسئلہ باقی نہیں رہے گا۔
بس آپ کو دھاگے کا ایک حصہ کھینچ لینا ہے تاکہ سلائی کا کام شروع کیا جاسکے۔
مالٹے یا کینو چھیلنا
ویسے یہ کہنا غلط نہیں ہوگا جب بھی آپ کسی مالٹے یا کینو کو چھیلنے کی کوشش کرتے ہیں تو اس کا کچھ حصہ ناخنوں کے اندر بھی گھس جاتا ہے۔
تو اس کی بجائے ایک بہتر طریقے کو آزمائیں، ایک چھری لیں، پھل کا اوپر اور نیچے والا حصہ کاٹ لیں اور سائیڈ سے لمبائی کی شکل میں کاٹ لیں اور پھر کھینچ کر سیدھا کرلیں، جیسا آپ ویڈیو میں بھی دیکھ سکتے ہیں۔
شیشے کی کرچیاں اٹھانا
اگر شیشے کی کرچیاں اٹھانی ہو تو بڑے ٹکڑے تو آرام سے اٹھالیے جاتے ہیں مگر ننھے ذرات کو چننا بہت مشکل ہوتا ہے اور پیروں میں گھس جانے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
تو اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کچن سے ڈبل روٹی کا ایک سلائیس لیں اور اسے دستانے پہنے کر اس جگہ پر پھیریں جہاں شیشہ ٹوٹ گیا ہو۔
یہ سلائیس شیشے کے ان ننھے ذرات کو چن لے گا جو آپ کو نظر بھی نہیں آرہے ہوں گے، اس کے بعد وہ سلائیس ایسی جگہ تلف کریں، جہاں وہ کسی کے لیے نقصان کا باعث نہ بن سکے۔