’دنیا ساتھ ہو یا نہ ہو، ہم کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں جو ایک جہاد ہے‘
وزیراعظم عمران خان نے امریکا سے وطن واپسی پر ایئرپورٹ پر ہی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کشمیریوں کے ساتھ ہو یا نہ ہو لیکن پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ رہے گی، یہ ایک جہاد ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کی بہترین نمائندگی کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر احسن انداز سے اُجاگر کرنے کے بعد وزیراعظم عمران خان وطن واپس پہنچے تو پارٹی کارکنان نے ان کا شان دار استقبال کیا۔
وزیراعظم پر گل پاشی کی گئی جبکہ ان کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے، اس موقع پر کابینہ اراکین اور پارٹی رہنماؤں سمیت کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔
مزید پڑھیں: ’اقوام متحدہ میں عمران خان کی تقریر 1992ورلڈکپ کی طرح ہمیشہ یاد رہے گی‘
ایئرپورٹ پر پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ پیش کرنے کی ہمت دینے کے لیے دعا کرنے پر میں پوری قوم بالخصوص اہلیہ بشریٰ بی بی کا مشکور ہوں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کشمیریوں کے ساتھ ہو یا نہ ہو لیکن پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ ہیں، یہ ایک جہاد ہے، ہم ان کے ساتھ اس لیے کھڑے ہیں کیونکہ ہمیں اللہ تعالیٰ کو خوش کرنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اچھا وقت بھی آتا ہے اور برا وقت بھی آتا ہے، برے وقت میں مایوس نہیں ہونا کیونکہ کشمیر کے لوگ آپ کی جانب دیکھ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ میں عمران خان کے خطاب پر ناقدین کی واہ واہ
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب تک پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں تب تک کشمیر کے لوگ اپنی جدوجہد کرتے رہیں گے اور وہ ایک دن اپنی آزادی جیتیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے کہا تھا کہ میں کشمیریوں کا سفیر ہوں، پوری دنیا کے سامنے ہر فورم پر اس مودی اور اس کی فاشسٹ حکومت کو بے نقاب کروں گا۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب کے آخر میں کہا کہ جو لوگ میرے ساتھ گزشتہ 20 سالوں سے موجود ہیں ان سب کو ایک چیز سمجھائی ہے کہ کوشش انسان کی ہوتی ہے، کامیابی اللہ تعالیٰ دیتا ہے۔