پاکستان

پنجاب: 24 گھنٹے میں مزید 218 افراد میں ڈینگی کی تصدیق

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے بھر میں رواں برس ڈینگی کے مریضوں کی مجموعی تعداد 3 ہزار 211 تک پہنچ گئی۔

لاہور: صوبہ پنجاب میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا، 24 گھنٹوں کے دوران مزید 218 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق کردی گئی۔

ڈینگی کے اکثر کیسز راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان اور لاہور سے رپورٹ کیے گئے، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں برس صوبہ پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی مجموعی تعداد 3 ہزار 211 تک پہنچ گئی۔

لاہور میں محکمہ صحت کے ترجمان نے کہا کہ ڈینگی وائرس کے مریضوں کو علاج کی ہر ممکن سہولت فراہم کی جارہی ہے اور ڈینگی لاروا کو جڑ سے ختم کرنے سے متعلق آپریشن کی رفتار بھی تیز کردی گئی۔

انہوں نے کہا کہ 3 ہزار 211 مریضوں میں سے 2 ہزار 552 مریضوں کو سرکاری اور نجی ہسپتالوں سے ڈسچارج کیا گیا جبکہ ہستپالوں میں داخل مریضوں میں سے 6 انتہائی نگہداشت یونٹ ( آئی سی یو) میں زیرِ علاج ہیں دیگر مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں ڈینگی کے 12 ہزار کیسز کی تصدیق

ترجمان نے مزید کہا کہ رواں برس ڈینگی لاروا کی موجودگی اور اس کی افزائش سے لاپرواہی دکھانے والے افراد کے خلاف 1386 کیسز رجسٹر کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیموں نے انسداد ڈینگی قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 164 افراد کو گرفتار کیا جبکہ 31 ہزار 684 افراد کو وارننگ دی گئی۔

فیصل آباد میں گزشتہ روز الائیڈ ہسپتال میں ڈینگی کا شکار 64 سالہ مریض انتقال کرگیا جس کی شناخت سعید کے نام سے ہوئی۔

مریض کو 26 ستمبر کو ہسپتال لایا گیا تھا اور ڈینگی کے مریضوں کے لیے مختص وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا۔

چند روز قبل الائیڈ ہسپتال میں ڈینگی بخار کے نتیجے میں 16 سالہ آریان جاں بحق ہوگیا تھا، اس وقت فیصل آباد کے ہسپتال میں 18 مریض زیر علاج ہیں۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز بہاولپور کے بہاول وکٹوریا ہسپتال (بی ایچ وی) میں مزید 4 مریضوں میں ڈینگی بخار کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد رواں برس ہسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد 72 ہوگئی تھی۔

ان 72 مریضوں میں سے 14 افراد اس وقت ہسپتال کے ڈینگی وارڈ میں زیرِ علاج ہیں۔

بی ایچ وی ایمرجنسی وارڈ ڈائریکٹر ڈاکٹر عامر بخاری نے مذکورہ اعداد و شمار وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے صحت محمد حنیف پتافی کو ہسپتال کے دورے کے دوران بتائے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی، راولپنڈی ڈینگی سے بری طرح متاثر

وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے جنگلات اور فشریز مخدوم حسن رضا نے بتایا کہ پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں ڈینگی کے 15 کیسز کی تصدیق کی گئی جن میں سے اکثر مریضوں کی تعداد دیگر اضلاع میں کام کرنے والے مزدوروں پر مشتمل ہے۔

انہوں نے اجلاس کے دوران بتایا کہ 15 مریضوں میں سے 12 گھر واپس چلے گئے جبکہ دیگر 3 مریض ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال (ڈی ایچ کیو) میں زیرِ علاج ہیں۔

ڈاکٹروں نے کہا کہ ہسپتال میں ڈینگی کے علاج کے لیے ادویات کی قلت نہیں اور زیرِ علاج 3 مریضوں کے علاوہ تمام افراد مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام انور نے ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو شہر کے مختلف علاقوں میں ٹائر شاپس اور پانی کے تالابوں کا جائزہ لے رہی ہیں۔


یہ خبر 29 ستمبر 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی