ہنگو میں مسافر بس پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، 6 افراد جاں بحق
خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں نامعلوم افراد کی جانب سے مسافر بس پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہو گئے۔
ہنگو پولیس کے مطابق مسافر کوچ شمسہ دین گاؤں کے علاقے تال ٹاؤن جاری رہی تھی اور جب ضلع ہنگو میں زرگاری کے علاقے سے گزر رہی تھی تو نامعلوم افراد نے نشانہ بنایا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد میں 2 خواتین اور 4 مرد شامل ہیں جبکہ حادثے میں ہلاک و زخمی ہونے والے چھ افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
سٹی اسٹیشن کے ایس ایچ او امجد حسین کے مطابق پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 302، 324، 427 اور 102 کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایس ایچ او امجد حسین نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ان افراد کو قتل کیا گیا ہے اس سے یہ ذاتی دشمنی کا معاملہ لگتا ہے تاہم پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔
اس سے قبل رواں ہفتے کے آغاز میں کے پی پولیس کو جمرود سے ایک لاش ملی تھی اور پولیس نے اس واقعے کو بھی ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا تھا۔
مذکورہ لاش کی شناخت آزر خان کے نام سے ہوئی تھی جسے مبینہ طور پر اس کے دشمنوں نے قتل کردیا تھا۔