بھارتی قابض سیکیورٹی فورسز نے جموں وکشمیر میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر 4 حریت پسندوں کو شہید کردیا۔
خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق مقامی عہدیداروں کا کہنا تھا کہ جموں کے علاقے بٹوٹ مارکیٹ میں کارروائی کے دوران 3 نوجوانوں کو شہید کیا گیا جو مبینہ طور پر ایک مقامی شخص کو یرغمال بنا کر ان کے گھر میں موجود تھے۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دل باغ سنگھ کا کہنا تھا ک ایک اور کشمیری کو شمالی علاقے کنگان میں شہید کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سری نگر کے علاقے صفاکدل میں کشمیری حریت پسندوں نے گرینیڈ پھینکا لیکن کسی کو نقصان نہیں پہنچا۔
کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے ضلع گاندربل اور رام بن میں ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں 6 کشمیریوں کو شہید کردیا جبکہ ایک بھارتی سیکیورٹی افسر نے خودکشی کرلی۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی فورسز نے گاندربل کے علاقے نرانگ کا محاصرہ کیا اور سرچ آپریشن کے دوران 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
اس ضمن میں بتایا گیا کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع رام بن کے علاقے بٹوٹ میں 3 کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق بٹوٹے میں مظاہرین کے حملے میں ایک بھارتی فوجی اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
کے ایم ایس کے مطابق گزشتہ روز عمران خان کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ پیش کرنے پر کشمیریوں کی بڑی تعداد خوشی میں گھروں سے باہر نکل آئی۔