سعودی عرب نے آن لائن سیاحتی ویزا کی سہولت متعارف کرادی
گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ اہم ترین اسلامی ملک سعودی عرب نے تاریخ میں پہلی بار سیاحتی ویزا جاری کرنے کا اعلان کردیا۔
سعودی عرب کی جانب سے سیاحتی ویزا جاری کرنے کا اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب کہ یہ خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ سعودی عرب کی تیل کی کمائی میں مسلسل کمی آرہی ہے اور حکومت تیل کی کمائی پر انحصار کم کرنے کے لیے سیاحت اور انٹرٹینمنٹ سمیت دیگر متبادل ذرائع میں سرمایہ کاری کر رہی ہے۔
جہاں سعودی حکومت نے سیاحتی ویزوں کے اجراء کا اعلان کیا تھا، وہیں غیر ملکی خواتین کے عبایا پہننے کے شرط کو بھی ختم کردیا تھا۔
اور اب سعودی عرب نے دنیا بھر کے 49 ممالک کے آن لائن سیاحتی ویزا کی سہولت متعارف کرادی۔
آن لائن ویزا سہولت حاصل کرنے کے لیے بنائی گئی ویب سائٹ کے مطابق شمالی امریکا، یورپ و ایشیا کے 49 ممالک آن لائن ویزا کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فہرست میں کوئی بھی افریقی ملک شامل نہیں اور نہ ہی مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کا کوئی ملک شامل ہے۔