پاکستان

کشمیر جغرافیائی مسئلہ نہیں، پاکستان کی روح کا حصہ ہے، آرمی چیف

کشمیری بہن بھائیوں کےساتھ کھڑے ہیں اور انہیں مایوس نہیں کریں گے، جنرل قمر جاوید باجوہ کی آزاد کشمیر کے طلبا سے ملاقات

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کشمیر محض جغرافیائی مسئلہ نہیں بلکہ پاکستان کی روح کا لازم و ملزوم حصہ ہے اور ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے آزاد کشمیر کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبا اور یوتھ پارلیمنٹ کے ممبران نے ملاقات کی۔

جمعرات کو راولپنڈی میں طلبا اور یوتھ پارلیمنٹ کے اراکین سے گفتگو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدستور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیر خارجہ کا او آئی سی سے کشمیریوں کے لیے آواز اٹھانے کا مطالبہ

'بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں معصوم شہریوں کا محاصرہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بدترین مثال ہے'۔

انہوں نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جغرافیائی نہیں بلکہ ہماری کشمیری عوام سے محبت کا مظہر ہے، کشمیر پاکستان کی روح کا لازم و ملزوم حصہ ہے، ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کےساتھ کھڑے ہیں اور انہیں کبھی مایوس نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 'دوستو! مسئلے کا حل نکالو'، ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان اور بھارت پر زور

آرمی چیف نے کہا کہ نوجوان مستقبل کی قومی قیادت بننے کے لیے سخت محنت کریں کیونکہ آپ کو ملنے والی کامیابیاں ہی درحقیقت پاکستان کی کامیابی ہے۔

اس موقع پر طلبا نے لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف کشمیریوں کا ساتھ دینے اور پاکستان کی ترقی کے لیے محبت کے تسلسل کو جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

عالمی اسلامی بینک کے سربراہ سے ملاقات

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے عالمی اسلامی بینک کے چیف ایگزیکٹو اور قطر کے حکمران شاہی خاندان کے رکن شیخ علی بن عبداللہ تھانی التھانی نے ملاقات کی۔

جمعرات کو جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والی اس ملاقات میں معاشی تعاون کے لیے سیکیورٹی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کی تیزی سے بہتر ہوتی صورتحال اب استحکام سے پائیدار امن کی جانب گامزن ہے جو معاشی ترقی اور غیرملکی سرمایہ کاری کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

عالمی اسلامی بینک کے چیف ایگزیکٹو نے پاکستان اور خطے میں امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے پاک فوج کے کردار کو سراہا۔