بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کا پاکستان کو 20 کروڑ ڈالر فراہم کرنے پر اتفاق
عمران سے ملاقات کے دوران مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، رقم غربت کے خاتمے کے 134 منصوبوں پرخرچ کی جائے گی، رپورٹ
بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے پاکستان کو آئندہ برس 'احساس پروگرام' پر عملدرآمد کے لیے 20 کروڑ ڈالر فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق دونوں فریقین نے نیویارک میں ایک ملاقات میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔
ملاقات میں وزیراعظم عمران خان، احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور بل گیٹس موجود تھے۔
مفاہمتی یادداشت کے مطابق بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی یہ رقم غربت کے خاتمے کے 134 منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔
عمران خان کی وال اسٹریٹ جنرل کے ادارتی بورڈ سے ملاقات
نیویارک میں وال اسٹریٹ جرنل کے ادارتی بورڈ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان اپنی عوام کو غربت سے نکالنے کا خواہاں ہے اور اس کی توجہ پرامن ہمسائیگی پر ہے تاہم مودی حکومت آر ایس ایس کی پشت پناہی میں نسل پرستی کی بالادستی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔