آزاد کشمیر، جہلم میں ایک مرتبہ پھر زلزلہ، 53 افراد زخمی
زلزلے کی شدت 4.4 تھی اور اس کی گہرائی 12 کلومیٹر تھی، لوگ گھروں و دفاتر سے باہر نکل آئے۔
آزاد کشمیر کے علاقے میرپور اور صوبہ پنجاب کے شہر جہلم اور ملحقہ علاقوں میں ایک مرتبہ پھر زلزلہ محسوس کیا گیا ہے، جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مختلف واقعات میں 53 افراد زخمی بھی ہوئے۔
امریکی جیولوجکل سروے کے مطابق نیو میرپور میں 4.7 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔
تاہم اسلام آباد میں موجود قومی زلزلہ کوہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.4 تھی اور اس کا مرکز جہلم کے 6 کلو میٹر شمال میں 12 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
میرپور میں ڈویژنل ہیڈکوارٹرز ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق نور کے مطابق تھوتل، کلیال اور میرپور کے ایف ون سیکٹر کی کچی آبادی میں 53 افراد زخمی ہوئے۔