کھیل

کراچی میں بارش، قومی ٹیم کا پریکٹس سیشن منسوخ

ڈی جی رینجرز سندھ میجرجنرل عمر بخاری نے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

کراچی میں بارش کے باعث پاکستان کرکٹ ٹیم کی نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول پریکٹس منسوخ کردی گئی جبکہ رینجرز نے سیکیورٹی کے انتظامات سنبھال لیے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والی ایک روزہ سیریز سے قبل پریکٹس سیشن شیڈول تھا لیکن سیشن سے قبل ہی شہر میں ہونے والی بارش سے میدان میں پانی بھر گیا۔

دونوں ٹیمیں 26 ستمبر کو پریکٹس کریں گے جس کے بعد 27 ستمبر کو سیریز کا پہلا میچ کھیلا جائےگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سندھ حکومت نے کراچی میں ایک روزہ سیریز کے لیے سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔

ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر محمود بخاری نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور رینجرز نے سیکیورٹی کے انتظامات باقاعدہ طور پر سنبھال لیے۔

یہ بھی پڑھیں:ون ڈے اور ٹی20 سیریز کیلئے سری لنکن ٹیم پاکستان پہنچ گئی

میجرجنرل عمر بخاری کے ہمرا سیکٹر کمانڈر کرنل رفیق بھی نیشنل اسٹیڈیم آئے اور کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا۔

دوسری جانب گراؤنڈ اسٹاف بھی انتظامات کو حتمی شکل دینے میں مصروف رہا اور کراچی میں بارش شروع ہوتے ہی وکٹ کو کوورز سے ڈھانپ دیا۔

خیال رہے کہ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم تین میچوں کی ایک روزہ سیریز اور تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے رواں ہفتے ہی کراچی پہنچی تھی اور ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا تھا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایک روزہ سیریز کا پہلا میچ 27 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، دوسرا میچ 29 ستمبر تیسرا میچ دو اکتوبر کونیشنل اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں جہاں پہلا ٹی ٹوئنٹی 5 اکتوبر کو ہوگا جس کے بعد 7 اکتوبر کو دوسرا اور 9 اکتوبر کو تیسرا ٹی20 کھیلا جائے گا۔

سری لنکا کی ٹیم سیریز مکمل ہوتے ہی 10اکتوبر کو واپس اپنے ملک چلی جائے گی۔

یاد رہے کہ مارچ 2009 میں لاہور میں سری لنکا کی ٹیم کی بس پر حملہ ہوا تھا جس کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کا دروازہ بند ہوگیا تھا اور تاحال مشکلات کا سامنا ہے۔