لائف اسٹائل

'اقرا جو تم نےکیا اس کے بعد تم سے اور زیادہ محبت کرنے لگا ہوں'

اقرا عزیز نے گورا رنگ کرنے والی کریم کی آفر کو بڑے معاوضے کی پیشکش کے باوجود ٹھکرا دیا۔

پاکستان کے نامور اداکار یاسر حسین نے سوشل میڈیا پر انکشاف کیا کہ ان کی منگیتر اداکارہ اقرا عزیز نے گورا رنگ کرنے والی کریمز کے ایک اشتہار میں کام کرنے سے صاف انکار کردیا۔

ویسے تو متعدد اسٹارز اس قسم کی کریمز کے اشتہاروں کا حصہ بن کر آج بھی ان کی تشہیر کررہے ہیں، البتہ دنیا بھر میں اب زیادہ تر ایسے برینڈز کو تنقید کا نشانہ ہی بنایا جارہا ہے جو لوگوں کو خاص طور پر خواتین کو اپنے رنگ کو تبدیل کرکے گورا کرنے کا مشورہ دیتے۔

مزید پڑھیں: منگنی پر لوگوں کی تنقید، اقرا عزیز اور یاسر حسین کا ردعمل

اس سے قبل کئی ستاروں نے ایسی کریمز میں کام کرنے سے نہ صرف انکار کیا بلکہ ان کو سوسائٹی میں نسل پرستی کی فروغ کرنے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

اور اب اداکارہ اقرا عزیز نے بھی ایسی ہی ایک آفر کو بڑے معاوضے کی پیشکش کے باوجود ٹھکرا دیا۔

'اقرا عزیز جو تم نے گزشتہ روز کیا اس کے لیے میں تم سے اور بھی زیادہ محبت کرنے لگا ہوں، یہ بات آپ سب کو بتانا اس لیے ضروری ہے کیوں کہ یہ ایک بہترین کام ہے، کل اقرا نے گورا رنگ کرنے کی کریم کا اشتہار کرنے سے منع کردیا، جو سماج میں احساس کمتری پھیلانے کے بہت سارے پیسے بھی آفر کررہے تھے'.

انہوں نے مزید لکھا کہ 'جرات مندانہ اور صحیح قدم اٹھایا آپ نے، بےشک کسی گورے کو کالے پر اور کالے کو گورے پر فضیلت نہیں، اللہ نے جیسا بنایا ہے اس میں خوش رہیں'۔

اس پوسٹ پر اقرا نے یاسر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کمنٹ میں لکھا کہ 'جو غلط ہے وہ غلط ہے'۔

خیال رہے کہ یاسر حسین اور اقرا عزیز کی منگنی رواں سال ہوئی، جبکہ یاسر حسین نے لکس ایوارڈز کے دوران بھی اقرا کو انگوٹھی پہنا کر دنیا کے سامنے اپنے رشتے کا اعلان کیا تھا۔

یہ دونوں 'جھوٹی' نام کے ڈرامے میں بھی ایک ساتھ کام کررہے ہیں۔