امریکا میں وزیراعظم کی عالمی رہنماؤں اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں
وزیراعظم عمران خان اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا کے 7 روزہ دورے پر نیویارک میں موجود ہیں جہاں انہوں نے متعدد عالمی رہنماؤں، بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان اور امریکی عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔
وزیراعظم نے دورہ امریکا کا پہلا دن بھی نہایت مصروف گزارا اور انہوں نے امریکی قانون سازوں، انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر جنرل کومی نائیڈو سے ملاقات کی تھی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم ان اہم ملاقاتوں کے دوران عالمی رہنماؤں اور شخصیات کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کی جانب مبذول کروارہے ہیں جہاں بھارت کے 5 اگست کے اقدامات کے بعد سے کرفیو نافذ ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان، بھارت چاہیں تو کشمیر پر ثالثی کیلئے تیار ہوں، ڈونلڈ ٹرمپ
نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم نے گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی تھی جس میں صدر ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر دونوں ممالک کے مابین ثالث کا کرداد ادا کرنے کی پیشکش کو دہرایا۔
برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن سے ملاقات
وزیراعظم عمران خان نے برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن سے بھی ملاقات کی اور دونوں رہنماﺅں نے باہمی، علاقائی اور دوطرفہ دلچسپی کے کئی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
عمران خان نے برطانوی وزیراعظم کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری انسانی حقوق اور انسانی صورتحال کی سنگینی اور اس کے اثرات سے نمٹنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔