علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا 'جھوٹا' الزام لگانے والی خاتون کی معذرت
صوفی نامی خاتون نے ٹوئٹر پر گزشتہ سال علی ظفر پر الزام لگانے کی وجہ بتائی جبکہ اب ان سے معافی بھی مانگ لی۔
گلوکار و اداکار علی ظفر پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگانے والی ایک لڑکی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گلوکار سے معافی مانگتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے علی ظفر پر جھوٹا الزام ایک غلط فہمی کی بنیاد پر لگایا۔
صوفی نامی صارف نے ٹوئٹر پر متعدد ٹوئٹس میں گزشتہ سال علی ظفر پر الزام لگانے کی وجہ بتائی جبکہ اب ان سے معذرت بھی کرلی۔
مزید پڑھیں: 'علی ظفر نے مجھے جنسی طور پر ہراساں کیا'
صوفی نے اپنی پہلی ٹوئٹ میں گزشتہ سال گلوکار کے خلاف کی جانے والی ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کیا، جس پر انہوں نے لکھا کہ 'گزشتہ سال میں نے یہ ٹوئٹ شیئر کی تھی، جب ایک نوجوان لڑکی نے بتایا تھا کہ علی ظفر نے اسے ہراساں کیا، لیکن میں نے ایک روز بعد ہی یہ ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی تھی، جس کی وجہ یہ تھی کہ اس لڑکی نے مجھے جو کچھ بھی بتایا وہ کہانی پوری طرح درست نہیں تھی'۔