والدین کے شوبز میں ہونے کا فائدہ ملا، اذان سمیع خان
ماضی کی مقبول اداکارہ زیبا بختیار و موسیقار عدنان سمیع خان کے بیٹے فلم ساز، موسیقار، لکھاری و اداکار اذان سمیع خان نے اعتراف کیا ہے کہ والدین کے شوبز میں ہونے کی وجہ سے انہیں فائدہ ملا۔
اذان سمیع خان کی لکھی گئی فلم ’سپر اسٹار‘ نے شاندار کامیابی حاصل کی تھی، انہوں نے نہ صرف اس فلم کی کہانی لکھی تھی بلکہ انہوں نے اس کی موسیقی بھی ترتیب دی تھی۔
علاوہ ازیں اذان سمیع خان نے رواں برس ریلیز ہونے والی فلم ’پرے ہٹ لو اور گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم ’پرواز ہے جنون‘ کی موسیقی بھی تربیت دی تھی۔
اذان سمیع خان نے ان تینوں فلموں کے علاوہ بھی دیگر فلموں کی موسیقی ترتیب دی ہے جب کہ وہ فلموں کی ایڈیٹینگ سمیت سائنمٹاگرافی بھی کرتے ہیں۔
اذان سمیع خان نے ڈان ’آئیکون‘ کو دیے گئے انٹرویو میں اعتراف کیا کہ فلم ’آپریشن 021‘ کی تکنیکی ناکامی میں ان کی لاپرواہی شامل ہے، انہوں نے اس فلم کی ایڈیٹنگ سمیت دیگر تکنیکی معاملات دیکھے تھے۔
اذان سمیع خان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی بھی شخص اچھی موسیقی اور اچھا کام دیتا ہے تو اس کے لیے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں، تاہم اگر کوئی ایک بھی ناکام چیز دیتا ہے تو ہمیشہ اس کے لیے مثال بن جاتی ہے۔