لائف اسٹائل

نکی مناج کا موسیقی میں واپسی کا عندیہ

بولڈ پرفارمنس کی ملکہ نے رواں ماہ کے آغاز میں موسیقی کو چھوڑنے کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔

بولڈ ہپ ہاپ پرفارمنس کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت حاصل کرنے والی 36 سالہ امریکی گلوکارہ نکی مناج نے رواں ماہ کے آغاز میں موسیقی کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا تھا۔

نکی مناج کی جانب سے موسیقی کو چھوڑنے کے اعلان پر دنیا بھر میں ان کے مداحوں نے حیرانگی کا اظہار کیا تھا اور اداکارہ کو اپنا فیصلہ واپس لینے کے لیے درخواست کی تھی۔

گلوکارہ نے ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ وہ جلد ہی موسیقی کی دنیا سے الگ ہوجائیں گی، کیوں کہ وہ اپنی ذاتی زندگی یعنی خاندان شروع کرنے جا رہی ہیں۔

گلوکارہ نے یہ نہیں بتایا تھا کہ وہ شادی کرنے جا رہی ہیں یا نہیں، تاہم انہوں نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ وہ خاندان شروع کرنے کی وجہ سے موسیقی سے الگ ہونے جا رہی ہیں۔

نکی مناج نے یہ بھی واضح نہیں کیا تھا کہ وہ کب تک موسیقی سے الگ ہوجائیں گی لیکن انہوں نے مداحوں سے گزارش کی تھی کہ وہ ان کے گانے سنتے رہیں۔

بعد ازاں گلوکارہ نے اپنی وہ ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی تھی۔

مداحوں کی جانب سے موسیقی کو چھوڑنے کا فیصلہ واپس لینے کی درخواست کے بعد انہوں نے فیصلے کے 2 دن بعد ہی ٹوئٹ پر مبہم انداز میں مداحوں کا کہا تھا کہ وہ حوصلہ رکھیں، وہ کہیں نہیں جا رہی۔

موسیقی چھوڑنے کے اعلان کے بعد ہی نکی مناج نے ایک ٹوئٹ میں مداحوں سے معذرت کی تھی اور کہا تھا کہ انہیں اندازا ہے کہ ان کی ٹوئٹ سے لوگوں کو تکلیف پہنچی۔

یہ بھی پڑھیں: بولڈ پرفارمنس کی ملکہ نکی مناج کا موسیقی چھوڑنے کا اعلان

گلوکارہ نے مداحوں کو عندیہ دیا تھا کہ وہ کہیں نہیں جا رہیں، وہ یہیں ہیں اور اپنے مداحوں کو مایوس نہیں کریں گی۔

تاہم اب انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران بھی موسیقی میں واپس آنے کا عندیہ دے دیا۔

فیشن میگزین ’الے‘ سے بات کرتے ہوئے نکی مناج نے عندیہ دیا کہ وہ آنے والے وقت میں اپنا پانچواں میوزک ایلبم ریلیز کر سکتی ہیں۔

موسیقی چھوڑنے کے اعلان کے 2 دن بعد ہی نکی مناج نے واپسی کا عندیہ دیا تھا—اسکرین شاٹ

کلاتھنگ برانڈ ’فینڈی‘ کی تشہیر کے حوالے سے فیشن میگزین کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں نکی مناج نے موسیقی کی دنیا میں ممکنہ واپسی کی بھی بات کی۔

اپنے طویل انٹرویو میں نکی مناج نے تسلیم کیا کہ وہ جس کلاتھنگ برانڈ ’فینڈی‘ کی تشہیر کر رہی ہیں، وہ عام لوگوں کے لیے بہت مہنگا ہے لیکن انہوں نے کہا کہ خوبصورت دکھائی دینے یا فیشن کے لیے پیسے اہمیت نہیں رکھتے۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے موسیقی کی دنیا میں ممکنہ واپسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عندیہ دیا کہ وہ کچھ عرصے بعد موسیقی کا ایلبم ریلیز کریں گی۔

نکی مناج کے مطابق ان کا چوتھا ایلبم ان کے تیسرے ایلبم کے 4 سال بعد ریلیز ہوا تھا لیکن ان کی کوشش ہوگی کہ وہ اپنا پانچواں میوزک ایلبم اتنی تاخیر کے بعد ریلیز نہ کریں۔

نکی مناج نے میوزک پر مزید بات کرتے ہوئے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ اگر انہوں نے ایلبم ریلیز کیا تو وہ بہت ہی بہترین اور مداحوں کو خوش کرنے والا ہوگا۔

تاہم نکی مناج نے واضح طور پر یہ نہیں کہا کہ وہ موسیقی میں واپس آ رہی ہیں اور نہ ہی انہوں نے یہ واضح کیا کہ وہ کب تک نیا میوزک ایلبم ریلیز کریں گی۔

نکی مناج نے موسیقی چھوڑنے کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا تھا جب کہ کچھ دن قبل ہی انہوں نے ایک ریڈیو انٹرویو میں اعتراف کیا تھا کہ ان کے بوائے فرینڈ نے ان سے شادی کا لائسنس حاصل کرلیا ہے۔

لوگوں نے نکی مناج کی جانب سے شادی کے لیے موسیقی چھوڑنے کے اعلان پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر طنزیہ بحث میں کہا تھا کہ متنازع جنسی رجحانات رکھنے والی گلوکارہ اب خاندان بسانے کے لیے موسیقی چھوڑ رہی ہیں۔

نکی مناج نے ابتدائی کیریئر میں اعتراف کیا تھا کہ وہ دونوں جنس یعنی مرد و خواتین میں جنسی طور پر دلچسپی لیتی ہیں۔

نکی مناج کو ہم جنس پرست افراد اور خاص طور پر خواتین ہم جنس پرست کی متحرک کارکن تسلیم کیا جاتا ہے۔

نکی مناج کے اب تک 4 میوزک ایلبم ریلیز ہوئے ہیں—فوٹو: شٹر اسٹاک

ہم جنس پرست افراد کو حقوق نہ دیے جانے کی وجہ سے ہی نکی مناج نے رواں برس جولائی میں سعودی عرب میں اپنے اعلان کردہ میوزک کنسرٹ کو ملتوی کردیا تھا۔

نکی مناج نے 2007 میں گلوکاری کی شروعات کیں اور آغاز میں ہی نیم عریاں اور انتہائی بولڈ پرفارمنس کی وجہ سے وہ دنیا بھر کے نوجوانوں میں مقبول ہوگئیں تھیں۔

36 سالہ گلوکارہ اب تک 300 سے زائد گانوں میں پرفارمنس کر چکی ہیں اور انہوں نے متعدد عالمی ایوارڈ اپنے نام کر رکھے ہیں۔

انہوں نے 2017 میں گنیز ریکارڈ قائم کرنے سمیت بل بورڈ کی فہرست میں سب سے بولڈ ہپ ہاپ گلوکارہ کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

نکی مناج نے 6 امریکی میوزک ایوارڈ، 10 بی ای ٹی ایوارڈ، 7 بی ای ٹی ہپ ہاپ ایوارڈ، 4 بل بورڈز ایوارڈ، 4 ایم ٹی وی ایوارڈ، 4 پیپلز ٹین ایوارڈز اور 2 پیپلز چوائس ایوارڈز سمیت کئی ایوارڈز حاصل کیے۔

انہوں نے 2018 تک محض 4 میوزک ایلبم ریلیز کیے، تاہم انہوں نے دنیا بھر میں منعقد ہونے والے میوزک کنسرٹس میں بولڈ اور نیم عریاں پرفارمنس کرکے شہرت حاصل کی اور وہ نئی نسل میں انتہائی مقبول گلوکارہ رہی ہیں۔

نکی مناج بولڈ انداز کی وجہ سے شہرت رکھتی ہیں—فوٹو: شٹر اسٹاک