پاکستان میں ان دنوں معیشت کو دستاویزی بنانے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، یہی وجہ ہے کہ ٹیکس وصولی اور ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کے حوالے سے عوام کی بڑی تعداد پریشان دکھائی دے رہی ہے۔
جن لوگوں پر پہلی بار یہ ذمہ داری آئی ہے خصوصی طور پر وہ بہت زیادہ پریشان ہیں اور ہر کسی یہ پوچھتے دکھائی دیتے ہیں کہ بھائی ٹیکس ریٹرن آخر کیسے فائل کیے جائیں؟
پاکستان میں انکم ٹیکس کا جی ڈی پی میں 1.1 فیصد حصہ جبکہ مجموعی ٹیکس وصولی میں 11 فیصد حصہ بنتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں جو لوگ بھی برسرِ روزگار ہیں ان کا محض 2 فیصد حصہ ہی ٹیکس ریٹرن فائل کرتا ہے۔
دراصل انکم ٹیکس ریٹرن ایک ٹیکس فارم ہے جس میں مالی سال کے دوران کمائی گئی آمدن کی تفصیلات فراہم کرنا ہوتی ہیں۔
پاکستان میں انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے والوں کے لیے کچھ ایسے ریلیف کے وعدے کیے گئے جن سے فائدہ حاصل کرنے کے لیے ٹیکس ریٹرن جمع کروانے والوں کی تعداد میں 67 فیصد اضافہ ہوا اور یوں گزشتہ سال 25 لاکھ سے زائد افراد نے ٹیکس ریٹرن جمع کروائے۔
اگر رواں برس کی بات کی جائے تو انکم ٹیکس فائل ریٹرن جمع کروانے والوں کا ہدف 40 لاکھ رکھا گیا ہے۔
لیکن اس حوالے سے اچھی خبر یہ ہے کہ پاکستان میں انکم ٹیکس ریٹرن فائلنگ کا نظام کمپیوٹرائز بنائے جانے کے بعد سے ریٹرن فائلنگ کا عمل بڑی حد تک سہل ہوچکا ہے اور تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانا اور بھی زیادہ آسان ہے۔ واضح رہے کہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والوں میں اکثریت تنخواہ دار طبقے کی ہی ہے۔
اگر آپ انٹرنیٹ کے استعمال کی سوجھ بوجھ رکھتے ہیں تو آپ یہ ریٹرن کسی ماہر کی معاونت کے بغیر ہی جمع کروا سکتے ہیں۔
ہماری کوشش ہے کہ اس تحریر کے ذریعے تنخواہ دار طبقے میں انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کے طریقہ کار سے آگاہی پیدا کی جائے۔
انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا طریقہ
سب سے پہلے ویب سائٹ پر جائیے
اگر آپ کو ٹیکس جمع کروانا ہے تو اس کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی بنائی ہوئی خصوصی ویب سائٹ www.iris.fbr.gov.pk پر جانا ہوگا۔ ویب سائٹ کے پورٹل پر مختلف لنکس دیے گئے ہیں۔ اگر آپ پہلی مرتبہ ریٹرن فائل کررہے ہیں اور آپ نے ابھی تک اپنا این ٹی این رجسٹر نہیں کیا تو پھر آپ کو Registration for Unregistered Person پر کلک کرنا ہوگا۔ اس فارم میں کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر، مکمل نام، موبائل فون نمبر بمعہ موبائل نیٹ ورک کمپنی کا نام فراہم کرنا ہوگا۔