سفید فام بالادستی سے بڑھ کر کوئی گھناؤنا نظریہ نہیں، ٹیلر سوئفٹ
دنیا کے سب سے بڑے جمہوریت کا دعویٰ کرنے والے ملک امریکا میں سفید فام بالادستی اور سیاہ فام افراد کے خلاف تشدد سے تاریخ بھڑی پڑی ہے۔
تاہم گزشتہ چند سال سے سفید فام بالادستی پر امریکا کی اہم شخصیات بھی بات کرتی دکھائی دیتی ہیں جو اس نظریے کو خطرناک اور انسانیت کے خلاف قرار دیتی ہیں۔
سفید فام بالادستی اگرچہ کسی فلسفی کی جانب سے دیا گیا نظریہ نہیں، تاہم اسے دنیا بھر میں ایک مخصوص اور تنگ نظر نظریے کے طور پر ہی دیکھا جاتا ہے۔
سفید فام بالادستی کا پرچار خصوصی طور پر امریکا اور یورپ میں ہوتا ہے، جہاں سفید فام لوگ اس نام نہاد نظریے کی تشہیر اور مضبوطی کے لیے کام کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
رواں برس کے آغاز میں نیوزی لینڈ کی مساجد پر حملہ کرنے والے دہشت گرد نے بھی سفید فام بالادستی کے نظریے کا نعرہ لگایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: سفید فام بالادستی کیا ہے، اس کا تاریخی پس منظر جانیے
اگرچہ امریکا کے اہم ترین سیاسی رہنماؤں نے کبھی بھی کھل کر سفید فام بالادستی کی بات نہیں کی لیکن خیال کیا جاتا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دیگر سیاسی رہنما اس نظریے کے حامی ہیں۔
اور اداکارہ و گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کا بھی یہی خیال ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے حکومت میں آنے کے بعد دنیا بھر میں امریکیوں اور امریکا کے خلاف لوگوں کی نفرت میں اضافہ ہوا ہے اور اس نفرت کا ایک سبب سفید فام بالادستی کی ترویج ہے۔