کیا کاروبار کرنا واقعی اتنا ہی آسان ہے؟
بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں کاروبار کو مشکل ہی نہیں بلکہ مشکل ترین کام بنادیا گیا ہے۔ اپنے بچپن سے ہی یہ سنتے آئے ہیں کہ کاروبار کرنا شریف لوگوں کا کام نہیں، اس میں دو نمبریاں ہوتی ہیں، پھر نفع نقصان کا بھی کچھ معلوم نہیں ہوتا، اور جس کی پہنچ نہ ہو، وہ تو کبھی کامیاب ہو ہی نہیں سکتا، اس لیے ملازمت کرنا ہی بہتر ہے، کم از کم ملازمت کرنے والے کو یہ تو معلوم ہوتا ہے کہ مہینے کے آخر میں پیسے مل جاتے ہیں۔
یہ سال 2013ء کی بات ہے، ہم ایک اخبار میں کام کرتے تھے۔ شادی کو تقریباً ساڑھے 4 ماہ ہی ہوئے تھے۔ یہاں واضح کرتے چلیں کہ دیگر کاروباری اداروں کے برعکس میڈیا اداروں میں ہفتہ وار صرف ایک دن کی ہی تعطیل ہوتی ہے۔ ہم بھی اپنی ہفتہ وار چھٹی گزار کر اپنے دفتر پہنچے تو ہمیں اندر جانے کی اجازت ہی نہ ملی اور باہر سے ہی یہ خبر سنا دی گئی کہ آپ کا اب اس ادارے سے کوئی تعلق نہیں۔