سندھ کی ترقی پر استعمال ہونے والا پیسہ جعلی اکاؤنٹس میں منتقل ہوا، وزیر مواصلات
قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کچرا کنڈی بن چکا ہے، لوگوں کی اموات ہورہی ہیں، پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں اور ان سب چیزوں کو اس کو یقینی بنانا سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سندھو دیش کے بیان کا ذکر کرتے ہوئے مراد سعید کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جعلی اکاؤنٹس کیس کی تفتیش کے لیے بلانے پر مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں تقریر کر کے بلاول زرداری کا بیان دہرایا‘۔
انہوں نے کہا کہ 'وفاق نے کراچی کے لیے کمیٹی قائم کر کے وہاں کے عوام کے مسائل حل کیے جانے کی بات کی تو جواب دیا گیا کہ وفاق نہیں بچے گا، وفاق بچے گا لیکن تمہاری سیاست نہیں بچے گی‘۔
یہ بھی دیکھیں: 'کچرے کی صفائی سندھ حکومت کا کام نہیں'
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 5 برس میں ہر سال تھر میں بھوک و افلاس اور غربت کے باعث 550 بچے ہلاک ہوجاتے ہیں، پاکستان میں غذائی قلت کے سبب بچوں کی نشونما متاثر ہونے کا عمل سب سے زیادہ سندھ میں ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اعداد و شمار کے مطابق پورے پاکستان میں سب سے زیادہ غربت سندھ میں ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سیہون دھماکے میں زخمیوں کو اٹھانے کے لیے اسٹریچر تک دستیاب نہیں تھے اور نہ ہی ہسپتال منتقل کرنے کے لیے ایمبولینس موجود تھی، وزیراعلیٰ سندھ کا حلقہ ہوتے ہوئے یہاں ہسپتال نہیں تھا۔
وزیر مواصلات کا مزید کہنا تھا کہ سب سے زیادہ صحت کی ابتر صورتحال سندھ میں ہے، ہر قسم کا مسئلہ سندھ سے جنم لیتا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ جو پیسہ سندھ کی ترقی پر لگنا تھا وہ سندھ کے حکمرانوں نے اپنے اوپر لگایا، جو تھر کے بچوں کے لیے خرچ ہونا تھا وہ جعلی اکاؤنٹس میں ڈالا گیا، جس پیسے سے کراچی کا کچرہ اٹھنا تھا اس سے بلاول زرداری کو تعلیم دلوائی گئی اور پانی کی فراہمی کے پیسے خود پر خرچ کیے گئے۔
وفاقی وزیر مواصلات کا مزید کہنا تھا کہ جو پاکستان کی تقسیم کی بات کرتے ہیں وہ خود تقسیم ہوجائیں گے ان کی سیاست ختم ہوجائے گی لیکن پاکستان رہے گا۔
پہلے آرٹیکل اے کے 47 سے کراچی چلایا جاتا تھا، رہنما پی پی پی
قومی اسمبلی میں وزیر مواصلات کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ روزانہ تقاریر کر کے اپوزیشن کو طنز کا نشانہ بنا کر اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ آپ نے بہت اعلیٰ کام کیا تو اپنے گمان و خیال سے باہر نکلیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد پارٹی ہے جس نے وفاق کو نقصان سے بچانے کے لیے سندھ کے قوم پرستوں کا راستہ روکے رکھا، پی پی پی نے قربانیاں دے کر وفاق و پاکستان کو بچایا ہے۔