انتخابات سے قبل طالبان کے افغانستان میں حملے، 2 دھماکوں میں 48 افراد ہلاک
طالبان کے کابل اور افغان صدر اشرف غنی کی انتخابی ریلی پر علیحدہ علیحدہ حملوں میں 48 افراد ہلاک ہوگئے۔
پہلا دھماکا افغانستان کے مرکزی صوبے پروان میں صدارتی انتخابات کے حوالے سے منعقدہ اشرف غنی کی ریلی کے دوران ہوا جس میں 26 افراد ہلاک اور 42 زخمی ہوگئے۔
اس کے ایک گھنٹے بعد ہی کابل کے وسط میں امریکی سفارتخانے کے قریب ایک اور دھماکا ہوا جس میں 22 افراد ہلاک اور 38 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبررساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق افغانستان کے صحت حکام کا کہنا تھا کہ پروان میں صدر اشرف غنی کی جانب سے منعقدہ انتخابی ریلی کے قریب دھماکا ہوا، جس میں متعدد ہلاکتیں ہوئیں۔
صوبائی ہسپتال کے سربراہ ڈاکٹر عبدالقاسم سنگن کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں 'خواتین اور بچے شامل ہیں اور ان میں سے زیادہ تر متاثرین شہری لگ رہے ہیں، علاقے میں ایمبولنسز موجود ہیں اور اموات میں اضافے کا خدشہ ہے'۔
مزید پڑھیں: افغانستان: کابل میں بم دھماکا 6 افرادہلاک
شمالی صوبے پروان میں چھاراکر ہسپتال میں موجود ڈاکٹر عبدالقاسم کا کہنا تھا کہ اس حملے میں 31 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔