امریکا نے سعودی آئل تنصیبات پر 'ایرانی حملے' کے ثبوت جاری کردیے
امریکا نے سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر مبینہ طور پر ایران کے حملے کے ثبوت پیش کرتے ہوئے سیٹلائٹ تصاویر جاری کردیں لیکن ایران نے حملے میں کسی بھی قسم کے کردار کی سختی سے تردید کردی۔
خیال رہے کہ 14 ستمبر کو سعودی عرب میں حکومت کے زیر انتظام چلنے والی دنیا کی سب سے بڑی تیل کمپنی آرامکو کے 2 پلانٹس پر ڈرون حملے کیے گئے تھے۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب کی دو بڑی آئل فیلڈز پر حوثی باغیوں کے ڈرون حملے
ان حملوں سے بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی تھی اور حملوں کی ذمے داری حوثی باغیوں نے قبول کی تھی۔
گزشتہ روز امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے الزام عائد کیا تھا کہ سعودی تیل کمپنی آرامکو کی آئل فیلڈ پر حملے میں ایران براہ راست ملوث ہے۔
جس کے جواب میں تہران نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران پر الزام تراشی سے خطے میں تباہی ختم نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب تیل تنصیبات پر حملے میں ایران براہ راست ملوث ہے، امریکا
بعد ازاں ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکا کو خبردار کیا تھا کہ خطے میں امریکی مراکز اور طیارے ان کے میزائلوں کے نشانے پر ہیں۔